اورنج لائن ٹرین کے لئے حاصل کی جانے والی اراضی کے معاوضے کی ادائیگی کا آغاز کردیا گیا ‘بلال یاسین

پہلے روزدستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال پر33 وؤچرزمعاوضہ کی ادائیگی کے لئے تیار کر لئے گئے ‘صوبائی وزیر خوراک

بدھ 3 فروری 2016 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء ) حکومت نے عالمی معیار کی باوقار سفری سہولت لاہور اورنج لائن ٹرین کے لئے حاصل کی جانے والی اراضی کے معاوضے کی ادائیگی کا آغاز کر دیا ہے ، پہلے روزدستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد33 وؤچرزمعاوضہ کی ادائیگی کے لئے تیار کر لئے گئے ہیں،جس کے تحت آج مالکان میں چیک تقسیم کئے جائیں گے،ادائیگی کے لئے انتہائی منظم و شفاف انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ معاوضہ لینے والے مالکان کو کوئی تکلیف پیش نہ آئے -یہ بات صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی گراؤنڈ میں قائم معاوضہ ادائیگی مرکز میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی - انہوں نے کہا کہ متاثرین کو معاوضہ کی ادائیکی کا انتہائی تیز ترین اور فعال میکنزم تیار کیا گیا ہے - ان مراکز پر لوگوں کے لئے تمام سہولتیں مہیا ہیں اور متعلقہ محکموں کے افسران و دیگر عملہ لوگوں کے معاملات تیزی سے نبٹا رہا ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ کسی فرد یا خاندان کو تکلیف نہ پہنچے - انہوں نے کہا کہ رجسٹری والے گھروں کے لئے ملبے سمیت 25لاکھ روپے فی مرلہ اور ملبے بغیر ساڑھے 12لاکھ روپے فی مرلہ جبکہ رجسٹری کے بغیر فی کمرہ 10لاکھ روپے کی ادائیگی کی جا رہی ہے - اسی طرح اوقاف املاک و دیگر محکمانہ املاک کو بھی اسی ترتیب سے معاوضہ کی ادائیگی کی جائے گی -اور لوگوں کو بہت بہتر معاوضے دیئے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو کسی حوالے سے تکلیف نہ پہنچے - صوبائی وزیر نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین ایک انقلابی منصوبہ ثابت ہو گا جس کے ہما گیر اثرات ہونگے - انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی بدولت لاہور کا ٹریفک کلچر ایک نیا رخ لے گا - لوگوں کو باعزت ذریعہ سفر میسر آئے گا اوربزرگوں، خواتین و بچوں کو خصوصی فائدہ پہنچے گا -انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اتنے بڑے پراجیکٹ کے لئے آج تک فوری طور پر اور موقع پر معاوضہ دینے کی مثال نہیں ملتی جو پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے لوگوں کو ان کے گھروں کا معاوضہ دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ حکومت عوام کی بھلائی کے کاموں میں یقین رکھتی ہے -

متعلقہ عنوان :