کراچی ،پی آئی اے کے 2ملازمین کی ہلاکت پر مزدور تنظیمیں حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئیں

قومی اداروں کی نجکاری کو نہ روکا گیا تو حکمران مسلم لیگ نون کی وفاقی حکومت کے خلاف ملک گیر حکومت ہٹاؤ تحریک شروع کردی جائیگی،مقررین

بدھ 3 فروری 2016 19:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء ) پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر شروع ہونے والے احتجاج کا دائرہ کار سڑکوں تک پھیل گیا ہے،پی آئی اے کے 2ملازمین کی ہلاکت پر مزدور تنظیمیں حکومت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئی ہیں ،مزدور تنظیموں نے حکومت کو الٹی میٹنم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر پی آئی اے او ر قومی اداروں کی نجکاری کو نہ روکا گیا تو حکمران مسلم لیگ نون کی وفاقی حکومت کے خلاف ملک گیر حکومت ہٹاؤ تحریک شروع کردی جائیگی۔

ملک گیر ہڑتال کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے طویل المدت دھرنا دینے کے ساتھ اہم شاہراؤں کو بھی بند کردیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار بدھ کو کراچی پریس کلب کے باہر پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف کیے جانے والے احتجاج سے مزدور تنظیموں کے رہنماؤں منظور رضی ،راؤ نسیم، راجہ مناف ، کنیز فاطمہ ،روشن کلہوڑو،عبدالسلام،عبدالوحید کیانی، اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مظاہرے میں نیشنل لیبر فیڈریشن ،ریلوے ورکرز یونین ، ریلوے مزدور یونین ،ریلوے پریم یونین،عوامی ورکر ز پارٹی اور دیگر مزدور تنظیمیں شامل تھیں۔مزدور وں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جس پر نو از حکومت اور نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے ۔مظاہرین گو نوا ز گو اور پی آئی اے کی نجکاری نا منظور کے نعرے لگا رہے تھے ۔مظاہرین نے قاتل قاتل حکومت قاتل کے بھی نعرے لگائے۔

ان رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نواز حکومت کاا یجنڈا رہا ہے کہ وہ اپنے دور حکومت میں قومی اداروں کی نجکاری کرتی ہے،اب پی آئی اے اور اسٹیل مل کو اونے پونے داموں میں اپنے کاروباری دوستوں کو فروخت کیا جارہا ہے،انھوں نے کہ ہے کہ قومی اداروں کی نجکاری ملک کو فروخت کرنے کے مترادف ہے۔انھوں نے کہا کہ پی آئی اے ملازمین پر احتجاج کے دوران فائرنگ اور لاٹھی چارج کرنا آمریت کی مثال ہے،انھوں نے جاں بحق ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا خون رنگ لائیگااور نواز حکومت کو گھر جانا ہوگا۔

انھوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی اداروں کی نجکاری کا نوٹس لیں ،انھوں نے کہا کہ مزدور تنظیموں کا احتجا ج جاری رہئیگا اور حکومت کے خلاف دما دم مست قلندر ہوگا۔مزدور تنظیموں نے ایئرپورٹ واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔