وزیرصحت خیبرپختونخواشہرام تراکئی کی زیر صدارت کے پی آئی ٹی بورڈ اور ورلڈ بنک کے نمائندوں کا اجلاس

خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ورلڈ بینک اور دوسرے پارٹنر اداروں کے اشتراک سے صوبے کے نوجوانوں کو انفارمیشن اینڈکمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے ایک پروگرام شروع کرنے کافیصلہ

بدھ 3 فروری 2016 19:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ورلڈ بنک اور دوسرے پارٹنر اداروں کے اشتراک سے صوبے کے نوجوانوں کو انفارمیشن اینڈکمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے ایک پروگرام شروع کرنے جا رہی ہے تاکہ انہیں ملکی و بین الاقوامی مارکیٹس میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔

تین سالہ اس پروگرام کے تحت اس سال جولائی کے مہینے تک دو ہزار جبکہ آئندہ تین سالوں میں صوبہ بھر کے چالیس ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں جدید معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی۔یہ بات بدھ کے روز پشاور میں سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی کی زیر صدارت کے پی آئی ٹی بورڈ اور ورلڈ بنک کے نمائندوں کے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ ٹریننگ ابتدائی طور پر صوبے کے سات اضلاع میں شروع کی جا رہی ہے جسے مرحلہ وار صوبے کے تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔

یہ پروگرام مارچ کے مہینے سے شروع کیاجائے گاجس کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔اجلاس میں ڈیجیٹل یوتھ سمٹ2016کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔صوبائی وزیر نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ذریعے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع کی فراہمی کو اپنی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس ٹریننگ پروگرام اور ڈیجیٹل یوتھ سمٹ2016کے بروقت اور کامیاب انعقاد کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائیں کیونکہ اس میں تاخیر کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے صوبے میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے ورلڈ بنک کے تعاون کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ورلڈ بنک سمیت دیگر تمام پارٹنر اداروں کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی۔

متعلقہ عنوان :