پی آئی اے اور واپڈا کے مزدوروں پر ظلم نہ کیا جائے ٗ مزدور اور کسان ایک ہوگئے تو وزیراعظم کی خیرنہیں ہوگی ٗخورشید شاہ

پی آئی اے واقعہ پر جو ڈیشل کمیشن بنایاجائے ٗ اپوزیشن لیڈر کاپی آئی اے مظاہرین کا خطا ب

بدھ 3 فروری 2016 19:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہاہے کہ پی آئی اے اور واپڈا کے مزدوروں پر ظلم نہ کیا جائے ٗ مزدور اور کسان ایک ہوگئے تو وزیراعظم کی خیرنہیں ہوگی ٗپی آئی اے واقعہ پر جو ڈیشل کمیشن بنایاجائے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور قمرالزمان کائرہ راولپنڈی میں احتجاج کرنے والے پی آئی اے ملازمین کے دھرنے میں پہنچے اور ان سے اظہار یکجہتی کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے ایک ماہ پہلے قومی اداروں کی نجکاری نہ کرنے کا کہا تھا اور اداروں کی نجکاری نہ کرنا بھی مسلم لیگ (ن) کے منشور کا حصہ ہے ٗ پاکستان کے مزدوروں کو کمزور نہ سمجھا جائے اور اگر سرکاری ملازمین اور کسان ایک ہوگئے تو وزیراعظم کی خیر نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے جمہوریت کے اذیتیں جھیلیں اور اپنی حکومت بھی گنوائی تاہم انہوں نے اس سے کیا سیکھا ٗگزشتہ روز انہوں نے پی آئی اے ملازمین کے لئے جو کچھ کہا اگر وہ بات ضیاالحق یا پرویز مشرف کرتے تو عجیب نہیں لگتا لیکن آپ نے کہا تھا کہ میں آخری شخص ہوں گا جو نجکاری کی بات کریگا۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ تاریخ بتاتی ہے کہ ایوب خان سے زیادہ طاقت ور کوئی جرنل نہیں تھا اورانہوں نے اگر ایک بے گناہ طالبعلم کو قتل کرایا تو مزدور ایک ہوگئے اور انہیں اقتدار سے جانا پڑا، مزدوروں کو بے روزگار نہ کیا جائے مزدور آپ کا اقتدار نہیں بلکہ اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ کراچی ایئرپورٹ واقعے پر جوڈیشل کمیشن بنائیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ پارٹی ورکر ہوں، سیاست کرتا تھا اور کروں گا، پارٹی ورکر ملکی سالمیت کی ضمانت ہوتا ہے اور ہم سب کو فخر ہے کہ ہم سیاستدان ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ غریب مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا ٗ اگر آپ سے غلطی ہوئی تھی تو ملازمین سے کہتے کہ بات کرنا چاہتے ہیں ٗپر کاٹ کر کتنی جیلوں کو بھرو گے، ضیاء الحق نے بھی جیلیں بھری تھیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ آپ کی پارٹی نے تو نجکاری کے خلاف احتجاج کیا تھا ٗپیپلز پارٹی 2012ء میں پی آئی اے کی نجکاری نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن کسی نے کہہ دیا کہ حکومت پی آئی اے کی نجکاری کرنا چاہتی تو آپ نے نعرے لگائے کہ پی آئی اے کی نجکاری نامنظور ٗآپ کی پارٹی کے لیڈر پارلیمنٹ کے سامنے آئے تھے ٗاب بتائیں کہ آپ کل ٹھیک تھے یا آج ٹھیک ہیں؟ ۔