محکمہ کھیل کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا انڈر23گیمز کے لوگو اور ٹرافی کی مردان ڈویژن میں تقریب رونمائی

بدھ 3 فروری 2016 18:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) محکمہ کھیل خیبرپختونخوانے انڈر23خیبرپختونخوا گیمز کے آغاز سے قبل صوبہ کے ہر ڈویژن سطح پر کھلاڑیوں کی آگاہی اور انکی گیمز تک رسائی کیلئے لوگو اور ٹرافی کی رونمائی کی اس سلسلے میں مردان سپورٹس کمپلیکس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے پہلے مرحلے میں گیمز کے لوگو ''کھلاڑی ہوتو ثابت کرو'' اور ٹرافی کی رونمائی کی گئی اس موقع پرکمشنر مردان ڈویژن ذاکر حسین تھے ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ ، ڈپٹی سیکرٹری محکمہ کھیل و ثقافت عادل صافی ،ڈائریکٹر یس سپورٹس رشیدہ غزنوی ، ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود ،ناظمین ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرز، پرائیویٹ ایجوکیشنل سپورٹس انچارچ سمیت شائقین اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداداور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کمشنر مردان ڈویژن ذاکر حسین نے محکمہ کی جانب سے کھیلوں کے منفرد انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ صوبہ میں حالات اور مایوسی کی کیفیت کے دوران سپورٹس سرگرمیوں کا انعقاد احسن اقدام ہے ان مشکل حالات میں کھیلوں کا انعقاد ضروری ہے ، ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل صافی نے کہاکہ حکومت کھیل کے میدانوں سمیت صوبہ کے تمام ڈسٹرکٹ میں گیمز اور کھلاڑیوں کیلئے سامان مہیا کر رہی ہے تاکہ ہر طبقہ فکر کا کھلاڑی اس سے مستفید ہو سکے ، گیمز کے لوگو اور ٹرافی کی رونمائی کا مقصد صوبہ کے ہر کونے کونے تک کھلاڑیوں تک اطلاع ہے تاکہ گلی کوچوں ، محلوں ، مدارس ، سکولوں کالجوں ہر جگہ سے اگر کھلاڑی ہے تو خود کو ثابت کرنے کیلئے ان میں حصہ لے سکے گا۔

ان گیمز کیلئے 7کروڑ 40لاکھ کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ ڈویژن سطح پر ٹیموں کے تیار ہوتے ہی کھلاڑیوں کو کھیلوں کا سامان بھی فراہم کر دیا جائے گا۔اسی سلسلے میں کوہاٹ ڈویژن میں لوگو اور ٹرافی کی رونمائی آج کوہاٹ میں منعقد ہو گی ۔انڈر23گیمز میں کھلاڑیوں کیلئے ٹرائلز فروری کے تیسرے ہفتے سے شروع ہونگے جبکہ مقابلوں میں16مردوں اور13 خواتین کے مقابلے شامل ہیں مردوں کے مقابلوں میں کرکٹ‘ فٹبال ‘ہاکی ‘باسکٹ بال ‘والی بال ‘سکواش ‘بیڈمنٹن ‘ٹیبل ٹینس ‘باکسنگ ‘اتھلیٹکس ‘جمناسٹک ‘جوڈو ‘کراٹے اور تائیکوانڈو جبکہ خواتین کے مقابلوں میں کرکٹ ‘نیٹ بال ‘ہاکی ‘باسکٹ بال ‘والی بال ‘سکواش ‘بیڈمنٹن ‘ٹیبل ینس‘اتھلیٹکس ‘بیس بال ‘جوڈو ‘ووشو اور تائیکوانڈو شامل ہیں‘ان گیمز میں صوبہ بھر میں پانچ ہزار سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :