نشہ انسانی صحت اور معاشرے کے بگاڑ کا باعث بنتا ہے ، عوام منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں،اسسٹنٹ کمشنر طارق علی بسرا

بدھ 3 فروری 2016 18:31

اٹک چھچھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) اسسٹنٹ کمشنر طارق علی بسرا نے کہا ہے کہ نشہ انسانی صحت اور معاشرے کے بگاڑ کا باعث بنتا ہے ، عوام منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں انتظامیہ بھر پور ایکشن لے کر سپلائرز اور دلالوں کو کیفر کردار تک پہنچائے گی، منشیات فروش معاشرے کا ناسور جبکہ منشیات کے عادی افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ، ٹی ایچ کیو حضرو میں ترک منشیات سنٹر کے قیام کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے، ترک منشیات سنٹر کے قیام سے نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے چھٹکارا مل سکتا ہے،عمران خان نے منشیات سے چھٹکارے کا جوجہاد شروع کیا ہے عملی طور پر اس کے ساتھ ہیں، وہ چھچھ محافظ کمیٹی کے زیر اہتمام ” نشہ ایک لعنت“ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خصوصی خطاب کر رہے تھے جس کی صدارت سنٹل ڈائریکٹر ٹین چیلنج آف پاکستان شکور نور گل اور موٹروے پولیس آفیسر انسپکٹر طارق خان نے کی، تقریب کے انتظامات عمران خان، کونسلر حاجی احسان خان نمبردار نے کئے تھے، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹین چیلنج آصف شہزاد، ایس ایس پی (ر) جاوید اقبال خان، ڈاکٹر مسعود اختر، مولانا فضل وہاب، احسن خان، حافظ ہارون الرشید ، امجد ملک ، نصیر جدون اور عمران خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا، شکور نور گل ، آصف شہزاد نے کہا کہ بعض نام نہاد ترک منشیات سنٹر عوام کے جذبات اور مجبوریوں سے کھیل کر انہیں دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں اور نشہ چھوڑنے والے افراد کو دوا نہیں زہر دیتے ہیں، سگریٹ نوشی ہیروئن ، چرس نشے کا دروازہ ہے، احسن خان نے کہا کہ گاوٴں گاوٴں منشیات فروشوں کی لسٹیں بنا کر ان سے جمعہ کے اجتماعات میں یہ دھندہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال حضرو میں انسداد منشیات سنٹر کا قیام اراکین اسمبلی جہانگیر خانزادہ یا شیخ آفتاب احمد کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ، منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرنا پولیس کا فرض ہے اور انسداد منشیات کیلئے مخیر حضرات کو بھی آگے آنا چاہئے، ماہر نفسیات ڈاکٹر مسعود اختر، ملک امجد ، جاوید اقبال خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ نشہ اور بے حسی کے عادی افراد کا علاج اور رویوں میں تبدیلی ضروری ہے، دنیا کا کوئی مذہب بھی نشہ کو جائز قرار نہیں دیتا، نشہ ایک ایسا جرم ہے جس سے باقی جرائم بھی جنم لیتے ہیں، منشیات نوشی اور فروشی کا خاتمہ صرف پولیس کے بس کی بات نہیں جب تک معاشرے کا ہر فرد اس کے سد باب کیلئے اپنا عملی کردار ادا نہ کرے، عمران خان کی جانب سے ترک منشیات سنٹر کے قیام کا فیصلہ ایسا خوش آئند فیصلہ ہے جس کے انتہائی خوشگوار اور دور رس نتائج برآمد ہونگے، ہر شخص اس نیک مقصد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، مقررین نے کہا کہ چھچھ میں پیسہ زیادہ ہونے اور ٹیکنیکل تعلیم نہ ہونے کی وجہ سے منشیات نوشی عروج پر ہے اس ضمن میں پولیس ، علماء ، انتظامیہ، والدین، اساتذہ، صحافی، ڈاکٹرز اور ہر اہل علم و عقل کو اپنا کردا نبھانا ہو گانیز اس حوالہ سے جمعہ کے خطبات میں بھی عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ، عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیمینار کے شرکاء کو خوشخبری سناتا ہوں کہ آپ کی بخشش ہو گئی ہے کیونکہ حدیث کے مفہوم کے مطابق ایسا اجتماع جس کا مقصد الله کی رضا اور مخلوق خدا کی بہتری ہو ایسے شرکائے مجلس کی مغفرت کی خوشخبری سنائی گئی ہے نیز ایسی مجلس پر الله کی طرف سے رحمت نازل ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ چھچھ میں منشیات کے سد باب کیلئے پر عزم ہوں ، حوصلہ افزائی کرنے والوں کے ساتھ ساتھ چند عناصر ایسے بھی ہیں جو حوصلہ شکنی کرتے اور ٹانگیں کھینچتے ہیں کیونکہ حوصلہ شکنی اور ٹانگیں کھینچنا چھاچھیوں کا وطیرہ بن چکا ہے ، عمران خان نے کہا کہ منشیات فروش انسانیت کے قاتل، ضمیر فروش، ظالم اور معاشرے کا ناسور ہیں، جو لوگ ان کے خلاف نہیں بولتے وہ بھی مجرم ہیں، عمران خان نے مزید کہا کہ حضرو میں انسداد منشیات سنٹر کے قیام کے فیصلہ سے اتحاد گروپ کے قائد نزاکت خان کو آگاہ کیا تو وہ اس نیک کام کا سن کر رو پڑے اور کہا کہ منشیات کی لعنت سے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے سنٹر ضرور بننا چاہئے اور اس کیلئے میں ہر قسم کی مدد کرونگا، عمران خان نے کہا کہ انسداد منشیات سنٹر ہر صورت بنے گا چاہے وہ ایک بیڈ پر مشتمل ہو یا سو بیڈ بیڈ پر، انہوں نے کہا کہ جہاد میں شریک میرے ساتھیوں، صحافیوں اور علمائے کرام کا مشکور ہوں۔

متعلقہ عنوان :