` امید ہے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کیلئے پاکستان کی کوششیں کامیاب ہو نگی ‘ پرویز رشید

بدھ 3 فروری 2016 14:08

اسلام آباد /تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزر شید نے کہاہے کہ امید ہے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کیلئے پاکستان کی کوششیں کامیاب ہو نگی ‘ ایران پر پابندیوں کا خاتمہ اقتصادی و تجارتی تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کا باعث بنے گا ۔ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان پاکستان کی ثالثی کا عمل جاری ہے امید ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی ختم کرانے کے بارے میں اسلام آباد کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔

انھوں نے ایران کے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے کو پاکستان کی حکومت اور قوم کیلئے ایک اچھی خبر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پابندیوں کا خاتمہ، ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں خاص طور سے اقتصادی و تجارتی تعلقات کے زیادہ سے زیادہ فروغ کا باعث بنے گا۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کے لئے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے حالیہ دورہ ریاض و تہران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس اقدام کو دونوں ملکوں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت کا مظہر قرار دیا اور کہا کہ اسلامی، پڑوسی برادر اور علاقے کے ایک اہم ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے۔

دہشتگردی کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور وزیر اعظم نواز شریف نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کاعزم کررکھا ہے اور انشاء اللہ ملک سے ایک دن دہشتگردی ختم ہو کر دینگے ۔