میٹروبس اور اورنج ٹرین جیسے غیر ترجیحی منصوبے لیگی حکومت کی بدحواسی کا شاہکار ہیں‘ مخدوم احمد محمود

بدھ 3 فروری 2016 13:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے آئی ایم ایف کی طرف سے موجودہ حکمرانوں پر پی آئی اے، واپڈا اور سٹیل مل کی نجکاری نہ کرنے پر تحفظات اور 50 کروڑ ڈالر کی گیارہویں قسط گیس کی قیمت میں 38 فیصد اضافہ ، توانائی شعبہ میں اصلاحات اور نجکاری کا عمل تیز کرنے سے مشروط کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں سے کسی بھلائی یا خیر کی توقع کرنا فضول ہے پیپلز پارٹی قومی اداروں کی نجکاری کیخلاف سخت مذاحمت کریگی۔

پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین پیپلز لیبر بیورو پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے میں لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کو پی آئی اے پر مسلط کیے جانے پر مسلم لیگ (ن) کی آمرانہ ذہنیت کھل کر سامنے آ چکی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ حکومت کی طرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں دبئی میں آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی یقین دہائی اس آمر کا تاثر فراہم کرتی ہے کہ (ن) لیگ غریب عوام ، مزدور اور کسانوں سے عزت کا نوالہ چھین کر انہیں زندہ درگور کردیناچاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی کم ترین قیمتوں پر عوام کو ریلیف دینے کی بجائے وفاقی حکومت نے 11.22 ارب ڈالر کے اضافی ٹیکسوں سے غریب عوام کی چیخیں نکا ل دی ہیں۔ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں آئل امپورٹ کی مد میں 34 کروڑ ڈالر کمیشن وصول کیا، پٹرول پر جنرل سیلز ٹیکس 16 فیصد سے بڑھا کر 26 فیصد، ڈیزل پر 51 فیصد، ہائی اوکٹین پر 24 فیصد اور مئی کے تیل پر 30 فیصد بڑھا کر تیل کی کم قیمتوں کے ثمرات غریب عوام تک پہنچانے سے محروم کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے غیر ترجیحی منصوبے لیگی حکومت کی بدحواسی کا شاہکار ہیں پہلے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی ضروری ہے، صحت ،تعلیم اور خوراک و صاف پانی کے بعد لگژری سفر سے کسی کو انکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکن آج بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے وژن کے مطابق قوم کو متفقہ واسلامی آئین کے تحفظ اور روٹی کپڑا مکان کی فراہمی پر یقین اور عزم رکھتے ہیں۔

کچھ کاٹی بھیڑیں پیپلز پارٹی سے نکل گئیں ہیں اور کچھ سست لوگوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی کا کارکن مایوس نہیں ہے آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی عوامی منشور کے مطابق زیادہ پر اعتماد طریقہ سے میدان میں اترئے گی۔ جو چاروں صوبائی اسمبلیوں سمیت وفاق میں واضح اکثریت حاصل کر کے حکومت قائم کریگی۔

متعلقہ عنوان :