بھارتی وزیر داخلہ کی مسلم علما سے ملاقات، داعش کے اثر و رسوخ کو روکنے کی درخواست

بدھ 3 فروری 2016 12:53

نئی دہلی ۔ 3 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 فروری۔2016ء) بھارت کے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے ملک میں داعش کے ممکنہ اثر و رسوخ کو روکنے کے لئے مسلم علماء سے ملاقات کی ہے ۔ ہندوستانی وزیرداخلہ نے اس ملاقات میں ہندوستانی نوجوانوں کو اپنی جانب مائل کرنے کے داعش کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے ہندوستانی علما کے تعاون کی درخواست کی۔

اس ملاقات میں ہندوستان کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر اجیت ڈوال اور وزارت داخلہ کے دیگراعلی حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ نوجوانوں کو اپنی جانب مائل کرنے کے داعش کے ممکنہ منصوبوں کو کس طرح ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ اس ملاقات میں علما نے داعش کے جرائم اور اس کے انسانیت سوز اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ داعش کا اسلام اور اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

ہندوستان کے مسلم علما نے حکومت کو اس سلسلے میں بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس ملاقات میں جمعیت علمائے ہند کے مرکزی سیکرٹری مولانا نیاز فاروقی ، مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سیدکلب جواد نقوی ، اجمیر شریف کے مولاناعبدالوحید حسین چشتی اور کئی دیگر ممتاز علما موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :