لیجنڈ لیونل میسی ریوڈی جنیرو اولمپکس میں شرکت نہیں کرینگے

بدھ 3 فروری 2016 12:43

بیونس آئرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) ارجنٹینا کے مشہور کھلاڑی لیونل میسی 6 ماہ بعد برازیل میں ہونے والے ریو ڈی جنیرو اولمپکس میں آرام کی غرض سے شرکت نہیں کریں گے۔ارجنٹینا فٹ بال ٹیم کے کوچ جیراڈومارٹینو نے مقامی ریڈیو کو انٹرویو میں کہا کہ میسی امریکا میں ہونے والے کانٹی نینٹل کوپا امریکا ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے لیکن برازیل میں ہونے والے اولمپکس میں شامل نہیں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میسی اولمپک گیمز میں نہیں جائیں گے، بارسلونا اسٹار کے لیے ورلڈ کپ کوالیفائر سمیت دونوں مقابلوں میں حصہ لینا "بہت مشکل" ہو گا۔کانٹی نینٹل کوپا امریکا کا آغاز 3 جون سے ہوگا جبکہ اولمپک گیمز رواں سال 5 اگست سے شروع ہوں گے۔مارٹینو کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں کوپا امریکا، اولمپک گیمز اور ورلڈ کپ کوالیفائرز کو بالترتیب ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں کھیلنا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے بارسلونا کے مختلف ٹورنامنٹس میں مصروف شیڈول سمیت ارجنٹینا ٹیم کے ساتھ مصروفیت کی طرف بھی اشارہ کیا۔28 سالہ میسی اولمپک میں شرکت کے لیے جانے والی ٹیم میں 23 سال سے بڑی عمر کے کھلاڑیوں میں شامل تیسرے کھلاڑی ہوسکتے تھے۔میسی نے بیجنگ اولمپکس 2008 میں ٹیم کی قیادت کی تھی جہاں ارجنٹینا نے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔