افغانستان میں مکمل امن کیلئے القاعدہ، طالبان اور حقانی نیٹ ورک کو شکست دینا ہوگی،جنرل جان کیمبل

بدھ 3 فروری 2016 11:33

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل جان کیمبل نے کہا ہے کہ افغانستان میں مکمل امن کے لیے القاعدہ،طالبان اورحقانی نیٹ ورک کوشکست دیناضروری ہے، اس کے لیے افغان حکومت کوامریکاکی مسلسل مدد درکار ہے،امریکا کو 2024 تک افغانستان میں رہنا ہو گا۔افغانستان میں اتحادی فوج کے سبکدوش ہونے والے امریکی کمانڈرجنرل جان کیمبل نے کانگریس کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ طالبان سے منسلک گروپ القاعدہ اور حقانی نیٹ ورک امریکا کے قومی مفاد کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں القاعدہ کمزور ہو گئی ہے لیکن حال ہی میں جنوبی افغانستان میں القاعدہ کے ایک کیمپ کا پتا چلا ہے جس سے یہ بات یقینی ہے کہ القاعدہ کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہوا، حقانی نیٹ ورک امریکا اور اتحادی افواج کے لیے سب سے بڑا اور مسلسل خطرہ ہے اور طالبان اور القاعدہ کے ساتھ ساتھ ہمیں حقانی نیٹ ورک کو بھی شکست دینا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مغربی ممالک پر حملے روکنے کیلئے افغانستان میں طویل مدت تک قیام ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر امریکا کو 2024 تک افغانستان میں رہنا ہو گا۔ افغانستان کو امریکا کی اس وقت تک ضرورت ہے جب تک اس کی معیشت مستحکم نہ ہو جائے اور لوگوں کی ضرورتیں پوری نہ ہو سکیں۔ ۔ جان کیمبل نے مزید کہا کہ افغانستان کے کچھ صوبوں میں داعش کی موجودگی باعث تشویش ہے۔