وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف کے تعاون سے عوام کاشاہراہ قراقرم پرسفر کے حوالے سے درپیش مسئلہ حل ہوگیا ہے

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کی وفود سے گفتگو

منگل 2 فروری 2016 22:35

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے خصوصی تعاون سے گلگت بلتستان کے عوام کوشاہراہ قراقرم پرسفر کے حوالے سے درپیش سب سے بڑا مسئلہ حل ہوا اورشاہراہ قراقرم پر مسافروں کو کانوائی کے وجہ سے درپیش بے پناہ مشکلات تھی۔

کانوائی سسٹم کے خاتمے سے گلگت بلتستان کے عوام کو اس بڑے مسئلے سے چھٹکارا حاصل ہوا اب گلگت بلتستان کے عوام باآسانی شاہراہ قراقرم پر کسی بھی وقت محفوظ سفر کرسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستا ن اور خیبر پختونخواہ کے دونوں صوبوں کے ایپکس کمیٹی کا مشترکہ اجلاس پشاور میں منعقد ہوا تھا جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ یکم فروری سے کانوائی سسٹم کا مکمل خاتمہ ہوگا اور خیبر پختونخواہ کی حدود میں مسافروں کو سیکورٹی فراہم کی جائیگی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دونوں صوبوں کا مشترکہ ایپکس اجلاس کا انعقاد اور اس اہم مسئلے کو حل کرنے میں کور کمانڈر 10کور، کور کمانڈر پشاور اور فورس کمانڈرFCNA کا کردار قابل تحسین رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر کانوائی سسٹم کے خاتمے سے گلگت بلتستان کے عوام اور سیاحوں کو درپیش سفری مشکلات دور ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کانوائی سسٹم کے خاتمے پر شکریہ ادا کرنے کیلئے آنے والے ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ۔

اس موقع پر ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشنز کے وفد نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اور ٹرانسپورٹرز کو کانوائی سسٹم کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا اس مسئلے کے حل کیلئے سابق وزیراعلیٰ اور حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں لیکن سابق حکومت کی بے حسی کا یہ عالم تھا کہ اس اہم مسئلے کو حل کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی موجودہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گلگت بلتستان کے عوام کو شاہراہ قراقرم پرسفر کے حوالے سے درپیش اس مسئلے کو حل کر کے عوامی حکومت ہونے کا عملی ثبوت دیا ہے جس پر ہم گلگت بلتستان کے عوام اور ٹرانسپورٹرز کی جانب سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کا یہ دیرینہ مسئلہ حل کیا۔