وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی گیس پائپ لائن منصوبے پر مذاکرات کیلئے 6فروری سے ایران کا دو روزہ دورہ کریں گے

ایرانی حکا م سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر بات چیت کے حوالے سے اہم پیش رفت کا امکان

منگل 2 فروری 2016 22:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر مذاکرات کیلئے 6فروری سے ایران کا دو روزہ دورہ کریں گے، جہاں وہ ایرانی وزیر پٹرولیم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، اس موقع پر وزارت کی ٹیم اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی 6 سے 7 فروری کو ایران کا دو روزہ دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ ایران کے وزیر پٹرولیم اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر بات چیت اور اسے آگے بڑھانے کے حوالے سے مذاکرات کریں گے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ان کے دورہ کی منظوری دے دی ہے اور وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں وزیراعظم کے گائیڈ لائن بھی لے لی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پرسابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں کام شروع ہوا تھا تاہم ایران پر عالمی پابندیاں عائد ہونے کے باعث معاملہ تیزی سے آگے نہ بڑھ سکا، اس کے بعد پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے ایران جا کر اس منصوبے کا مشترکہ افتتاح کیا جس کے بعد ایران کی طرف سے گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت ہوئی تاہم عالمی پابندیوں کے باعث پاکستان میں گیس پائپ لائن تعمیر نہ ہو سکی، اب جبکہ ایران کے خلاف عالمی پابندیاں ختم ہو چکی ہیں تو پاکستان ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے اس منصوبوں کو جلدی سے پایہ تکمیل تک پہنچائے اور اس سلسلے میں جامع لائحہ عمل طے کرنے کا خواہاں ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا ممکنہ دورہ ایران حکومت کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے اور ان کے دورہ کے دوران اہم پیش رفت اور مذاکرات میں خاطر خواہ کامیابی کا امکان ہے۔