Live Updates

عمران خان کو پاکستان کے عوام کی خوشحالی منظور نہیں،پرویز رشید

عمران خان کے منشور میں جن اداروں کو پرائیوٹائز کرنے کا اعلان کیا گیا اس میں پی آئی اے بھی شامل ہے عمران خان خود اپنے منشور کو بھول کر پی آئی اے کے حوالے سے حکومت پر تنقید کر رہے ہیں، دانیال عزیز اور وزیرمملکت محمد زبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 2 فروری 2016 22:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کو پاکستان کے عوام کی خوشحالی منظور نہیں۔ ایک کنٹینر کی ناکامی کے بعد ان کی تسلی نہیں ہوئی اور کنٹینر 2 کا آغاز کرنا چاہتے ہیں،گزشتہ کنٹینر نے جو تمغہ عوام کو دیا اس کے تحت اقتصادی ترقی کا پیکج چھ ماہ بعد شروع ہوا ،عمران خان کے منشور میں جن اداروں کو پرائیوٹائز کرنے کا اعلان کیا گیا اس میں پی آئی اے بھی شامل ہے عمران خان خود اپنے منشور کو بھول کر پی آئی اے کے حوالے سے حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔

منگل کو مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنمادانیال عزیز اور وزیرمملکت محمد زبیر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہاکہ مجھ پر عموماً تنقید ہوتی ہے کہ میں عمران خان کی بات کا جواب دینے کیلئے بہت تیزی سے عمل کرتا ہوں انہیں میں اپنی مبارکباد دیتا ہوں میری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ عمران خان کو سچ بولنے کی توفیق عطا فرمائے وہ بہت زیادہ جھوٹ بول رہے ہیں الیکشن کمیشن نے بھی اس کی تصدیق کی ہے کہ عمران خان کے امیدوار نے جو دستاویزات پیش کی ہیں وہ جعلسازی پرمبنی ہیں عدالت سے انہیں سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد ان کا حوصلہ بلند ہوگیا ہے اوروہ زیادہ جھوٹ بولنے لگے ہیں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے پریس کانفرنس میں جھوٹ بولا کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی کا شکار ہو چکا ہے اور پٹرول کی قیمتوں کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچایا جاتا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جاتا ہے جنوبی ایشیاء میں سب سے کم قیمتیں پاکستان میں ہیں عمران خان جب جھوٹ بول رہے تھے تو انہیں پتہ نہیں تھا کہ بھارت میں تیل کی قیمتیں کیا ہیں ؟ بھارت میں اس وقت پاکستانی 97روپے کا فی لیٹر پٹرول ٗ نیپال میں 95ٗ سری لنکا میں 193اور بنگلہ دیش میں 125لیٹر ہے بنگلہ دیش کی حکومت نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی نہیں کی بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں 27روپے فی لیٹر کم تیل دستیاب ہے ڈیزل کی قیمتیں بھی پاکستان میں ان ملکوں کے مقابلے میں کم ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں تیس فیصد قیمتیں کم ہوئی ہیں جبکہ بھارت میں صرف تین پیسے فی لیٹر کم ہوئی ہیں گزشتہ تین ماہ میں اوگرا کی طرف سے قیمتوں میں اضافے کی سمری بھیجی جاتی رہی مگروزیر اعظم نے سمری مسترد کر دی اور قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا انہوں نے کہاکہ عمران خان کنٹینرٹو کے نام سے احتجاج کریں گے عمران خان نے احتجاجی تحریک شروع کر نے کی بات اس لئے کی کہ انہیں پاکستان کی ترقی منظور نہیں اور وہ ملک کی خوشحالی نہیں دیکھ سکتے اس لئے وہ کنٹینر ٹو کا آغاز کر نا چاہتے ہیں گزشتہ کنٹینر نے جو تمغہ عوام کو دیا اس کے تحت اقتصادی ترقی کا پیکج چھ ماہ بعد شروع ہوا چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا، دنیا دوڑ کر ترقی کرتی ہے پاکستان میں جب ترقی کیلئے دوڑنے کاآغاز کرتے ہیں تو عمران خان اس میں رکاوٹیں ڈالنے آ جاتے ہیں پہلی ناکامی سے عمران خان نے کوئی سبق نہیں سیکھا اور پھر دوبارہ کنٹینر 2 شروع کرنے لگے ہیں عمران خان کے منشور میں جن اداروں کو پرائیوٹائز کرنے کا اعلان کیا گیا اس میں پی آئی اے بھی شامل ہے عمران خان خود اپنے منشور کو بھول کر پی آئی اے کے حوالے سے حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت اور پھر2010 میں آصف زرداری کے دور میں لازمی سروس ایکٹ کا استعمال کیا گیا لیکن آج پیپلز پارٹی اس پر تنقیدی کر رہی ہے اس کا کیا اخلاقی جواز ہے ؟ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جو ٹیکس جمع کرتی ہے اس کا 62 فیصد صوبوں کے حوالے کر دی جاتی ہے اگر عمران خان کو عوام سے ہمدردی ہے تو وفاقی حکومت کی طرف سے صوبہ کے پی کے کو ملنے والے پیسوں سے عوام کو مفت پٹرول ڈلوا دیں وہ پٹرول پمپوں پر خود کھڑے ہو کر یہ کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ جب تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کروا دی لیکن کے پی کے میں آج بھی پرانے کرائے ہیں انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اس مہینے پھر کمی ہوئی ہے ۔ اس وقت پاکستان میں ہنگامی کی شرح 2.3 پر آ چکی ہے جو پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آئی زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین شرح کو چھو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر شہباز شریف پل بنائیں تو تنقید کی جاتی ہے مگر باب خبیر پر چلنے والوں کو کیا آکسفورڈ کی ڈگری مل جاتی ہے دیگر صوبوں کے مقابلے میں تعلیم کیلئے پنجاب کا بجٹ سب سے زیادہ ہے، اسی طرح صحت کے شعبے میں بھی سب سے زیادہ بجٹ ہے کے پی کے کے لوگ اٹک میں علاج کروانے آتے ہیں اور سندھ کے لوگ صادق آباد آتے ہیں، میٹرو بس طالب علموں، مریضوں اور روزگار پر جانیوالے سفید پوش لوگوں کو بھی سہولت فراہم کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کا کوئی منصوبہ بنا رہے ہیں تو انہیں اس طرح ناکامی ہوگی جس طرح دھرنا سیاست میں انہیں ناکامی ہوئی تھی، نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے منشور میں واضح طور پر درج ہے کہ پی آئی اے اور ریلوے کی نجکاری کرینگے ، انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کے منصوبے میں پنجاب حکومت ایک روپے کی بھی سرمایہ کاری نہیں کررہی ہے اس پر تمام سرمایہ کاری چینی کمپنی کررہی ہے ، انہوں نے کہا کہ پہلے موٹروے بنانے پر تنقید کی جاتی تھی مگر جب یہ اقتصادی راہداری میں شامل ہوا ہے اس پر سب کہہ رہے ہیں کہ اسے ہمارے علاقے سے گزارا جائے اس پر لڑائیاں ہو رہی ہیں انہوں نے کہا کہ تمام عالمی ادارے پاکستانی معیشت کو مضبوط قرار دے رہے ہیں اورنج لائن منصوبہ مکمل سٹڈی کے بعد تمام مراحل کے بعد منظور ہوا تھا وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے اکنامک ایڈوائزر کا نام اسد عمر ہے انہوں نے میاں نواز شریف کو کراچی میں ایک سیمینار میں دعوت دی اور اس بات سے اپنی تقریر کا آغاز کیا کہ الیکشن میں پاکستان کے لوگ نواز شریف کو منتخب کریں گے تو ان کو چاہئے کہ وہ 600 ارب خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کریں یہ پاکستان بزنس فورم کے ریکارڈ پر ہے ۔

محمد زبیر نے کہا کہ پی آئی اے کے نجکاری پلان سے قبل لیبر یونینوں سے بھی میٹنگ ہوئی اور انہیں یقین دلایا گیا کہ کسی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائیگا مگر اس کے باوجود ہڑتال کی گئی جو کہ درست اقدام نہیں، مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کی غیر ملکی فنڈنگ کا کیس زیر سماعت ہے، پارٹی کے اندر توڑ پھوڑ بھی ہو رہی ہے کے پی میں بھی گھیرا تنگ ہو رہاہ ے ، عمران خان اناڑی ہیں کے پی میں مقامی حکومتوں کے نظام کا لاوا پھٹنے کے قریب ہے، ہم کے پی کے میں ایک ارب درختوں، ایجوکیشن، انصاف کے معیار، ریونیو اکٹھا کرنے، پٹواریوں کو ختم کرنے کے دعوے سمیت تمام امور کا پول کھولیں گے، انہوں نے کہا کہ شکایت لگانے سے سیاست نہیں ہوتی ، عمران خان بتائیں کہ انہوں نے کے پی کے کی عوام کو کیا سہولتیں دی ہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پنجاب میں مظاہروں سے پی ٹی آئی کے لیڈروں کو دھکے دیکر باہر نکالا جارہا ہے، ایک سوال کے جواب میں محمد زبیر نے کہا کہ 185 ممالک کی فہرست میں پاکستان پٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے 34 ویں نمبر پر ہے، وفاقی حکومت تیل اوردیگر اشیاء پر جو ٹیکس اکٹھے کرتی ہے اس میں سے صوبوں کو ان کا حصہ دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ پی آئی کے حوالے سے حکومت پہلے سرمایہ کاری پلان دیکھے گی یہ نہیں ہوگا کہ پی آئی اے کو بغیر کسی پلان کے کسی کے حوالے کردیا جائے، ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات سے ہی اندازہ کرلیں کہ وہ اپنے سیاسی مخالفین مشاہد اﷲ خان ، پرویز رشید اور دیگر کو قتل کے مقدمات میں پھنسا دیں اور وہ کسی اور کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔

کراچی میں مرنے والے ہمارے بھائی ہیں، پولیس یا رینجرز نے گولی نہیں چلائی، گولی کس نے چلائی، پولیس پانی کے ذریعے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کرتی رہی ، لہذا گولی مظاہرین کی طرف سے چلائی گئی، سندھ حکومت معاملے کو دیکھے میں لاہور میں تھا مشاہد اﷲ اور محمد زبیر اسلام آباد میں تھے پھر وہ لوگ ہم پر الزام لگا رہے ہیں جو خود مظاہرے میں شامل تھے، یہ احتجاج سیاسی کھیل کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان میں تعمیر وترقی کا سفر شروع نہ ہوسکے، انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کو لیڈ کرنے والے سہیل کا کسی منتخب تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، منتخب یونین کے صدر کا کہنا ہے کہ ان کا اس احتجاج سے کوئی تعلق نہیں ہے، پائلٹ اپنا کام کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے ہمیں ترقی وخوشحالی کیلئے ووٹ دیا ہے ہم اس ذمہ داری کو پورا کرینگے، انہوں نے کہا کہ مجھ پر قتل کا مقدمہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا ۔

ایوب خان نے بھی بنایا، طاہر القادری بھی مقدمے کی خواہش لیکر واپس کینیڈا چلے گے، اب سب ناکام ہونگے میں نے اپنی حفاظت کیلئے کبھی بندوق نہیں رکھی ، کیا بندوق نہ رکھنے والا کسی پر بندوق چلا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ چاہتے تھے کہ لاشیں مل جائیں اور وہ لاشوں کی سیاست کریں اگر عمران خان کے پاس کوئی کام نہیں تو وہ بنی گالہ میں اپنے گھر آرام کریں، اﷲ تعالی عمران خان کے گھر بار کو آباد رکھے، انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے کسی ساتھی کو کوئی ادارہ نہیں ملا، وفاقی وزراء ارکان اسمبلی میاں محمد نواز شریف کے ساتھی ہیں ، دس سال تک مشرف کی حکومت رہی مگر وہ بھی مالیاتی حوالے سے کوئی مقدمہ نہ بنا سکے اور طیارہ اغواء کا جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے چندے کا حساب تو دے نہیں رہے اور ان کی اپنی پارٹی کہہ رہی ہے کہ چندے میں گڑ بڑ ہوئی ہے ایک سوال کے جواب میں دانیال عزیز نے کہا کہ امریکہ کی دو کمپنیوں نے 12 ملین ڈالر کی رقم تحریک انصاف کے فنڈز میں دی ہے ۔ فلڈ ریلیف کے پیسے بھی پارٹی فنڈ میں شامل کر لئے گئے ، تحریک انصاف کے منشور میں پارٹی فنڈ اکٹھا کرنے کا طریقہ درج ہے مگر اس کے برعکس بیرون ممالک سے چندہ اکٹھا کیا گیا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پرامن بلدیاتی الیکشن فنڈ کروائے گئے جبکہ کے پی کے میں لاشیں گریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات