عزیر بلوچ کے انکشافات نے معزز چوروں کو بے نقاب کردیا ہے‘چیئرمین سنی اتحاد کونسل

سیاست اور جرم کا گٹھ جوڑ توڑنے کیلئے جرأت مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے‘صاحبزادہ حامدر ضا

منگل 2 فروری 2016 22:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ عزیر بلوچ کے انکشافات نے معزز چوروں کو بے نقاب کردیا ہے،سیاست اور جرم کا گٹھ جوڑ توڑنے کے لیے جرأت مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے،اورنج ٹرین سے لاہور بدل نہیں رہا بگڑ رہا ہے۔ اپوزیشن کا گرینڈ الائنس نہ بنا تو حکومت من مانیاں کرتی رہے گی، دہشت گردی اور کرپشن کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہوجائے،مسلم اُمہ دہشت گردی کے نرغے میں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سُنّی اتحاد کونسل ضلع لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری کی رہائش گاہ پر علماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سیّدہ زینب ؓ کے مزار پر خودکش دھماکہ عالم اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

(جاری ہے)

پٹرول کی قیمت 40روپے لٹر مقرر کی جائے۔ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ عالمی مارکیٹ کے تناسب سے کم نہ کرکے حکومت عوام دشمنی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

تاجر اور سوداگر حکمران ملک و قوم پر بوجھ بن چکے ہیں۔ جنرل راحیل شریف براہ راست سیاست میں آئے بغیر سیاست کو راہ راست پر لے آئیں۔ ملک کی سیاست اشرافیہ اور مافیا کے نرغے میں ہے۔ عزیر بلوچ کو لوٹ مار اور قتل و غارت کے لیے استعمال کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔ سیاست کا گند صاف نہ کیا گیا تو قوم کا سیاست دانوں پر اعتبار اور جمہوریت پر اعتماد ختم ہوجائے گا۔

مک مکا کی سیاست کو دفن کرنے کی ضرور ت ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور کرپشن کے معاملے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔ایف بی آر میں سالانہ 25سو ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔ پی آئی اے کا بحران افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔ جنرل راحیل شریف رٹائرمنٹ سے پہلے قوم کو دہشت گردی اور کرپشن کے خاتمے کا تحفہ دیں۔ ملک کو صالحیت اور صلاحیت والے حکمرانوں کی ضرورت ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ احتساب کا موثر نظام نہ بننا قومی المیہ ہے۔ نیب کو خود مختار ادارہ بنایا جائے۔اجلاس میں صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری، پیر سیّد محمد شاہ ہمدانی، راؤ حسیب احمد، حاجی رانا شرافت علی قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مولانا غلام سرور حیدری، مفتی محمد حسین صدیقی، صاحبزادہ مطلوب رضا اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :