تمام اخبارات ،چینلز کے سپورٹس جرنلسٹس اپنے فرائض کی تکمیل کے لیے ذمہ دارانہ اور احسن انداز میں کام کر رہے ہیں‘کمشنر لاہور ڈویژن

کمشنر اسکول کرکٹ چمپئن شپ سیریز لاہور ڈویژن کو اسکولوں میں کرکٹ کے کھیل کے احیاء و فروغ کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی ‘صدر سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن لاہور

منگل 2 فروری 2016 22:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل سے سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن لاہور (سجال) کے عہدیداران نے صدر عقیل احمد اور جنرل سیکرٹری چوہدری اشرف کی قیادت میں ملاقات کی- کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے نو منتخب سپورٹس باڈی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لیے سپورٹس جرنلسٹس کا کردار نہایت اہم ہے اور تمام اخبارات اور چینلز کے سپورٹس جرنلسٹس اپنے فرائض کی تکمیل کے لیے ذمہ دارانہ اور احسن انداز میں کام کر رہے ہیں- سجال کے عہدیداران نے اس موقع پر کمشنر اسکول کرکٹ چمپیئن شپ سیریز لاہور ڈویژن کو اسکولوں میں کرکٹ کے کھیل کے احیاء و فروغ کے لیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپورٹس کے رپورٹرز اور نقاد ہونے کی حیثیت سے ان کی یہ رائے ہے کہ قومی کرکٹ کے لیے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے پوری دنیا میں اسکول و کالج کرکٹ کھیلی جاتی ہے- اس لیے لاہور ڈویژن کے چاروں اضلاع کی یہ کرکٹ سیریز بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لائے گی- کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے عہدیداران کو بتایا کہ اس سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسکولوں کے کھلاڑیوں پر مشتمل پورے لاہور ڈویژن بنیاد پر ایک بہترین ٹیم بنائی جائے گی جس کو بہترین سطحوں پر کھیلایا جائے گا-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کے ساتھ عہدیداران کی ملاقات کے موقع پر اے سی پروٹوکول شاہ رخ نیازی اور ممبر آگنائزنگ کمیٹی سائرس سعود جان بھی موجود تھے-

متعلقہ عنوان :