کشمیر کے بغیر پاکستان ہر لحاظ سے نامکمل ہے کشمیر سے ہمارے رشتے کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے ‘ابوالہاشم

انڈیا کبھی بھی طاقت کے بل بوتے پر مظلوم کشمیریوں کو یرغمال نہیں بنا سکتا،یکجہتی کشمیر مہم بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی

منگل 2 فروری 2016 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء )جماعۃ الدعوۃ لاہور کے مسؤل ابو الہاشم ربانی نے کہا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاکستان ہر لحاظ سے نامکمل ہے کیوں کہ کشمیر سے ہمارے رشتے کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے ، انڈیا کبھی بھی طاقت کے بل بوتے پر مظلوم کشمیریوں کو یرغمال نہیں بنا سکتا،یکجہتی کشمیر مہم بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی، انڈیا کو کشمیریوں کو ہر قیمت پر آزادی دینا ہوگی،کشمیر کے بغیر انڈیا سے ہر قسم کے مذاکرات بھی بے معنی ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے رابطہ مہم کے دوران کیا۔ابو الہاشم ربانی نے کہاکہ کشمیری قوم کی قربانیوں کے باعث آج مسئلہ کشمیر پوری آب تاب کے ساتھ زندہ ہے۔ انڈیا یاد رکھے بہت جلد اس کے ظلم کا خاتمہ ہوجائے گا اور کشمیر سمیت انڈیا میں دلتوں سمیت دیگر مظلوم اقلیتوں کو آزادی ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور بڑی طاقتیں ہندوستان کے بد ترین بھارتی مظالم پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اس سب کے باوجود کشمیری قوم نے انڈیا کے ہر طرح کے ظلم و دہشت گردی کے باوجود سر نہیں جھکایا ۔

اس سلسلے میں پاکستان حقائق دنیا کے سامنے لانے چاہیے۔ابو الہاشم ربانی نے کہا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانا اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی تحریک آزادی کی ہر طرح سے مکمل حمایت و تائید کرتی ہے۔ آزادی کشمیر کے لیے مسلمان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ہم آزادی کی منزل تک کشمیری قوم کا ہر ممکن ساتھ دیتے رہیں گے۔ بانی پاکستان محمد علی جناح کے مطابق کشمیر پاکستان شہ رگ ہے اور یہ بات بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ ہمارا دفاع اور ہماری بقا براہ راست کشمیر سے وابستہ ہے۔