ہائیکورٹ نے تین سالہ بچے کو ماں سے لے کر باپ کی تحویل میں دیدیا

پانچ سالہ بچی کے باپ کے ساتھ جانے سے انکار پر ماں کے ساتھ بھجوا دیا گیا

منگل 2 فروری 2016 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے بچوں کی حوالگی کے لئے دائر درخواست پر تین سالہ بچے کو ماں سے لے کر باپ کی تحویل میں دے دیاجبکہ پانچ سالہ بچی کے باپ کے ساتھ جانے سے انکار پر ماں کے ساتھ بھجوا دیا گیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق عباسی نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اس کی بیوی اقراء گھریلو ناچاقی پر گھر چھوڑ کر چلی گئی اور اپنے ساتھ تین سالہ عبداﷲ اور پانچ سالہ عدن کو بھی لے گئی،عدالت انہیں بازیاب کروا کر حوالے کرے ۔

عدالت کے استفسار پر تین سالہ بچے نے کہا کہ وہ اپنے باپ کے ساتھ جانا چاہتا ہے جبکہ بچی نے باپ کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا، جس پر عدالت نے تین سالہ بچہ باپ کی تحویل میں دے دیا جبکہ بچی کو ماں کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔