پی آئی اے کے احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ قابل مذمت ہے،جمیل ملک

منگل 2 فروری 2016 21:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء ) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین پر فائرنگ اور میڈیا کے نمائندوں پر تشدد کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور کرپٹ حکمران قومی اثاثوں کو اونے پونے داموں فروخت کرکے اپنے حواریوں کو نواز رہے ہیں جسکا مقصد ملک پر اپنی گرفت کو مضبوط کرنا ہے،آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا پی آئی اے کے احتجاجی ملازمین پر فائرنگ اور احتجاج کی کوریج کرنیوالے میڈیا کے نمائندوں پر تشدد فسطائیت اور ریاستی دہشت گردی کی انتہا ہے جس سے ایک ملازم جاں بحق اور صحافیوں سمیت متعدد شدید زخمی ہوگئے،پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف ملازمین کااحتجاج بالکل جائز ہے حکومت نے لازمی سروس ایکٹ نافذ کرکے دور آمریت کی یاد تازہ کردی،طاقت کے نشے میں چور حکمران مارتے بھی ہیں اوررونے نہیں دیتے ، حکمران مسائل کو مذاکرات کی بجائے طاقت کے ذریعے حل کرنے کے خواہاں ہیں جس سے ملک میں ایک کے بعد دوسرا بحران جنم لے رہا ہے،اسٹیل ملز، پی آئی اے اور واپڈا سمیت دیگرقومی اداروں کی نجکاری کیخلاف مزاحمت جاری رکھیں گے ،محمد جمیل ملک نے فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے ملازم کے لواحقین اورمیڈیاکے نمائندوں سمیت زخمی ہونیوالے افراد سے اظہار یکجہتی کیا۔

متعلقہ عنوان :