گزشتہ سال بھارت سے واہگہ کے راستے 26ارب روپے کے پھل اور سبزیاں منگوائی گئی ‘ شیخ علاؤ الدین

درآمدی سبزی و فروٹ کو حقیقتاً پنجاب کے کسانوں کی تباہی کی قیمت پر منگوایا جا رہاہے ‘ حکومتی رکن اسمبلی کی تحریک التوائے کار

منگل 2 فروری 2016 18:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) صرف گزشتہ سال بھارت سے واہگہ کے راستے 26ارب روپے کے پھل اور سبزیاں منگوائی گئی ہیں ۔ یہ بات حکومتی جماعت کے رکن اسمبلی شیخ علاؤ الدین کی طرف سے ایوان میں پیش کی جانے والی تحریک التوائے کار میں بتائی گئی۔ تحریک التوائے کار کے متن میں کہا گیا کہ بیرون ممالک سے سبزیوں اور فروٹ کی درآمد نے پنجاب کے کسانوں کو تباہ و برباد کر دیا ہے ، زمینی حقائس اس طرح ہیں کہ 137اشیاء سبزیوں ،فروٹ ، کیلا اور سیب وغیرہ کی2012میں بھارت سے بذریعہ واہگہ درآمد کی اجازت دی گئی جس کے نتیجے میں صرف گزشتہ سال میں 26ارب روپے کی سبزیاں اور فروٹ درآمد کیا گیا ۔

اس میں انڈر انوائسنگ اور ڈمپنگ ایک الگ داستان ہے۔ ایران سے سیب کی ناجائز درآمد نے بھی ملکی سیب کے کسانوں کو تباہ کر دیا ہے اور انتہائی قیمتی زرمبادلہ بھی ضائع ہو رہاہے ۔

(جاری ہے)

درآمدی سبزی و فروٹ کو حقیقتاً پنجاب کے کسانوں کی تباہی کی قیمت پر منگوایا جا رہاہے ۔ ڈیوٹی فری امپورٹ درحقیقت بھارت کو موست فیوریٹ نیشن کا عملی مقام دیا گیا ہے ۔

دوسرے طرف بھارت اپنے کسانوں کو سبسڈی کی مد میں 100ارب ڈالر سے زیادہ ادائیگی کر رہا ہے اور ادھر ہمارے پنجاب میں بجلی ، کھاد ، بیج اور زرعی ادویات کے نرخ کسان پر ظلم عظیم ہیں ۔ آج حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی سبزی یا فروٹ کے نرخ ذرا سا بھی بہتر ہوتے ہی گھنٹوں میں سینکڑوں حساب سے ٹرک بھارتی سبزی ، فروٹ ، لے کر واہگہ بارڈر پہنچ جاتے ہیں اور ہمارے کسان اور آڑھتی تباہی کا شکار ہو رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :