حکومت کو کراچی میں قتل و غارت کا حساب دینا ہو گا ٗشاہ محمود قریشی

حکومت لوگوں کو کوئی ریلیف نہیں دے رہی۔ کسی قیمت پر پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے ٗبیان

منگل 2 فروری 2016 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کو کراچی میں قتل و غارت کا حساب دینا ہو گا ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملازمین پر گولیاں برسانے کی اجازت کون سا معاشرہ دیتا ہے ٗروزگار بچاتے بچاتے ملازمین جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، لاٹھی چارج اور گولیاں برسانے کا ذمہ دار کون ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت لوگوں کو کوئی ریلیف نہیں دے رہی۔ کسی قیمت پر پی آئی اے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے لازمی سروس ایکٹ کے نفاذ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا تھا کہ ملازمین احتجاج کا خیال اپنے ذہن سے نکال دیں اور احتجاج کرنے والوں کے پر کاٹ دیں گے، آج ہم نے دیکھا کہ احتجاج کرنے والوں کے پر کاٹ دیئے گئے۔