کراچی، پاکستان میں انصاف مانگنے والے کب تک گولیوں کا نشانہ بنتے رہیں گے،پاکستان عوامی تحریک

منگل 2 فروری 2016 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) پی آئی اے کے ملازمین پر تشدد ،قتل عام اور صحافیوں پر تشدد کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے قائدین سید علی اوسط،راؤ کامران ،سید ظفر اقبال،قیصر اقبال قادری،اطہر جاوید صدیقی،عدنان رؤف انقلابی ،لیبر ونگ کے صدر مشتاق صدیقی،سہیل رضانے سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں اور PIAملازمین پر تشدد غیر جمہوری اور غیر اخلاقی عمل ہے،احتجاج عوامی جمہوری حق ہے طاقت کا استعمال غیر قانونی ہے۔

ملازمین کی شہادت کی پر زور مذمت کرتے ہیں حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ظلم کے خلاف پاکستان عوامی تحریک مظلوم کے ساتھ کھڑی ہو گی۔PIAکی نجکاری حکومتی ناکامی ہے حکومت پورا ملک بیچنا چاہتی ہے ۔پاکستان عوامی تحریک ملازمین کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

ان قائدین نے کہا جمہوریت کا راگ الاپنے والے بتائیں احتجاج جمہوری حق نہیں؟انھوں نے کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن سے اب تک موجودہ حکومت فرعون بنی بیٹھی ہے ۔

موجودہ حکومت گلو بٹوں سے نہتے عوام کا قتل عام کرا کے چھپ جاتی ہے ۔انھوں نے کہا کیا پاکستان میں انصاف مانگنے والوں کو گولیوں کا نشانہ بنا یا جائے گا؟سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف مانگنے والوں پر گولیاں برسائی گئیں آج نجکاری کے خلاف احتجاج ،مانگنے والوں کو موت کی وادی میں پہنچا دیا۔ان قائدین نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری نے ٹھیک کہا تھا موجودہ حکومت آنے والے وقتوں میں قوم سے احتجاج کا حق بھی چھین لے گی۔پاکستان عوامی تحریک PIA ملازمین کے قتل عام اور تشدد کے خلاف 5فروری احتجاج کرے گی۔