الطاف حسین کی ضمانت منسوخ کئے جانے کی خوشی میں متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کی جانب سے یوم تشکر منایا گیا

منگل 2 فروری 2016 18:01

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) میٹرو پولیٹن پولیس لندن کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ضمانت منسوخ کئے جانے اور مناسب شواہد نہ ہونے کی بناء پر الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزام میں فرد جرم عائد نہ کرنے کے اعلان کی خوشی میں متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کی جانب سے یوم تشکر منایا گیا ۔

اس سلسلے میں زونل آفس کے سامنے شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے۔

(جاری ہے)

نوافل کی ادائیگی کے بعد منی لانڈرنگ کیس میں قائد تحریک الطاف حسین کو سرخروئی عطا ہونے پر اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کیا گیا اور اجتماعی دعا میں قائد تحریک الطاف حسین کی درازی ء عمر ، سلامتی اور حق پرستی کی تحریک کی کامیابی و کامرانی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ قبل ازیں لندن میں جاری منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کی ضمانت منسوخ ہونے کی خوشی میں زونل آفس پر خوشیاں منائی گئی ۔ کارکنان نے خوشی کے اس موقع پر تحریکی ترانوں پر والہانہ انداز میں رقص کر کے ، نعرے لگا کر اور ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا کر مبارکباد پیش کی ۔اور اس فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا ۔