کراچی، تعلیم کے ذریعے دہشت گردی کو شکست اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے ،نشاط ضیاء قادری

منگل 2 فروری 2016 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کو اگر شکست دینا ہے تو تعلیم کو عام کرنا ہوگا تعلیم واحد ہتھیار ہے جس کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دیا جاسکتا ہے ،خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لئے سرکاری سطح پر نوجوانوں کو علم کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے بھی مواقع فراہم کرنا ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس جی ایم ایجوکیشن ایکسپرٹس کے زیر اہتمام تیسرا شاہ فیصل ٹاؤن یوتھ فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب سے معروف ٹی وی آرٹسٹ و کامیڈین شکیل شاہ،تقریب کے آرگنائزر غلام محی الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

فیسٹیول میں شاہ فیصل کالونی کی تمام سرکاری و نجی اسکولوں کے طلباء و طالبات ،اساتذہ اور والدین کے علاوہ علاقہ عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر طلباء و طالبات کے درمیان ذہنی آزامائش اور دیگر نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے مزید کہاکہ تعلیمی اداروں میں دہشت گردی بزدلانہ کاروائی ہے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا ایم کیو ایم دہشت گردی کی ہر شکل کی مخالفت اور اس کے خاتمے کے لئے اپنی افواج کی مکمل حمائت کرتی ہے نشاط ضیاء قادری نے فیسٹیول کے انعقاد اور نوجوانوں کو تفریحی مواقع کی فراہمی پر ایس جی ایم ایجوکیشن ایکسپرٹس کے روح رواں غلام محی الدین کی کاوشوں کو سرا ہتے ہوئے کہاکہ ایسی تقریبات کے انعقاد سے ذہنی نشو نما فروغ پاتی ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے بس ضرورت ہے کہ حکومتی سطح پر ان کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنا یا جائے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ٹی آرٹسٹ کامیڈین شکیل شاہ نے کہاکہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنا ہے تو ہمیں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا ہوگاانہوں نے کہاکہ فروغ علم کے حوالے سے حق پرست قیادت کا کردار قابل تحسین ہے ۔

تقریب کے اختتام پر شاہ فیصل ٹاؤن کی مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور مالکان کو بہتر تعلیمی معیار پر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔

متعلقہ عنوان :