پنجاب اسمبلی،بنگلہ دیش میں پھانسی پانے والے افراد کو”نشان پاکستان“ دینے سمیت 5 قرار دادیں پیش

منگل 2 فروری 2016 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) مفاد عامہ سے متعلقہ جماعت اسلامی، تحریک انصاف سمیت پاکستام مسلم لیگ ن کے ارکان کی طرف سے پنجاب اسمبلی کے انیسویں اجلاس کے دوسرے سیشن میں پانچ قرار دادیں پیش کی گئیں جس کے مطابق تین قرار دادوں میں ”وفاق“ جبکہ دو میں پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا گیا۔رکن اسمبلی شیخ علاوٴالدین کی طرف سے قرار داد پیش کی گئی کہ ’یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ ملا عبدالقادر اور قمر الزمان جنہیں پاکستان کی محبت کی وجہ سے بنگلہ دیش میں پھانسی دے کر شہید کیا گیا انہیں نشان پاکستان دیا جائے۔

(جاری ہے)

دوسری قرارداد جو جماعت اسلامی کی طرف سے رکن اسمبلی سید وسیم اختر کے مطابق’یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ مساجد کو بجلی کے بلوں میں عائد ٹی وی فیس سے مستثنیٰ قراردیا جائے،تیسری قرار داد تحریک انصاف کی طرف سے قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی طرف سے پیش کی گئی جس کے مطابق’یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ تعلیمی اداروں کا تحفظ ممکن بنایا جائے،چوتھی قرار داد جو رکن اسمبلی محمد سبطین خان کی طرف سے پیش کی گئی کہ مطابق’یہ ایوان کی رائے ہے کہ صوبہ بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں مین اینجوگرافی کی سہولت مہیا کی جائے جبکہ پانچویں قرارداد نبیلہ حاکم علی خان کی طرف سے پیش کی گئی جس کے مطابق’ یہ ایوان وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کے نام سے منسوب کرتے ہوئے بچوں کا قومی دن منایا جائے۔