پاکستان کی جانب سے ویزا نہ دینا مایوس کُن ہے۔ بھارتی اداکار انوپم کھیر

پاکستان ہائی کمیشن نے الزامات کو مسترد کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 2 فروری 2016 15:34

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 فروری 2016ء) : بھارتی اداکار انوپم کھیر نے پاکستانی ویزا فراہم کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ادبی میلے میں شرکت کے لیے اٹھارہ میں سے سترہ شخصیات کو ویزا فراہم کیا گیا لیکن مجھے انکار کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں دوسری مرتبہ ویزا فراہم نہ کرنا میرے لیے باعث مایوسی ہے۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انوپم کھیر نے کہا کہ کیا مجھے ویزا اس لیے فراہم نہیں کیا گیا کہ میں نے بھارت میں برداشت پائے جانے کی بات کی تھی یا اس لیے فراہم نہیں کیا گیا کہ میں ایک کشمیری پنڈت ہوں جو پاکستان دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کا راز افشاں کر دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں پاکستانی ادیبوں اور لکھاریوں کو ویزا فراہم کر دیا جاتا ہے لیکن پاکستان حکومت ویزا فراہم نہیں کرتی ، پاکستان حکومت کیوں ایک آزادانہ ڈائیلاگ سے خوف کا شکار ہے؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن کو تمام اصولوں کا پتہ ہونا چاہئیے ، کراچی لٹریری فیسٹیول کی انتظامیہ نے ایک ماہ قبل ہی میرا نام دے دیا تھا اور اس فیسٹیول کے ہر پوسٹر پر میرا نام بھی ہے تو حقائق کو جان بوجھ کر کیوں چھُپایا جا رہا ہے؟ انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ان تمام لوگوں کے لیے بُرا لگ رہاہے جو پاکستان میں مجھ سے ملنے کے خواہشمند تھے ، اُمید کرتا ہوں کہ ایک دن ضرور ان سے ملوں گا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان ہائی کمیشن نے انوپم کھیر کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کیا ہے ۔ پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر انوپم کھیر نے پاکستانی ویزا کی درخواست دائر کی ہے تو بطور ثبوت اس کی رسید پیش کریں۔

متعلقہ عنوان :