چائلڈپروٹیکشن بیورو کی جانب سے بھکاری بچوں اور بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

منگل 2 فروری 2016 14:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) چیئرپرسن چا ئلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو صبا صادق کی خصوصی ہدایت پرچائلڈپروٹیکشن بیورو کی جانب سے بھکاری بچوں اور بھکاری مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے دوران چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی ریسکیو ٹیم نے شہر کے مختلف بازاروں، سگنلزاور سڑکوں سے مزید32بچوں کو تحویل میں لے لیا جن میں 23بچے اور9بچیاں شامل ہیں۔

تحویل میں لئے گئے بچوں میں بھیک مانگنے والے، گھر سے بھاگے، گمشدہ بچے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بیورو کی ریسکیو ٹیم کی جانب سے مال روڈ، گلبرگ، مون مارکیٹ، کریم مارکیٹ، ڈیفنس، داتا دربار، جوہر ٹاؤن، برکت مارکیٹ اور دیگر علاقوں میں دوران ریسکیو ان بچوں کو تحویل میں لیا گیا۔ ان تمام بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن کورٹ سے قانونی تحویل حاصل کرنے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان بچوں کے والدین سے رابطہ کروایا گیا ہے۔ چیئر پرسن چائلڈپروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ عادی اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جار ہی ہے اوراس سلسلے میں بیورو کی ریسکیو ٹیمیں شہر بھر سے بھکاری بچوں کو تحویل میں لے رہی ہیں۔