میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کی خصوصی نشستوں پر الیکشن کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام شروع ، دو روز میں مکمل ہو گا

منگل 2 فروری 2016 14:18

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 فروری۔2016ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کی خصوصی نشستوں پر الیکشن کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام شروع ہو گا، پولنگ 8فروری کو ٹاؤن ہال میں ہوگی ، شہر کی 274یونین کونسلز کے چیئرمین ووٹ کاسٹ کریں گے جبکہ یونین کونسلز میں مخصوصی نشستوں پر پولنگ 14فروری ہو گی ، ریٹرنگ افسران کو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لئے امیدواروں کے کوائف جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کی خصوصی نشستوں کے لئے پولنگ 8فروری کو ٹاؤن ہال میں صبح 8 سے شام 5بجے تک جاری رہے گی ۔جس کے لئے ایک پریزائیڈنگ آفیسر ، 5پولنگ آفیسر ، 5اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران تعینات ہوں گے ۔ اس حوالے سے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے جو کہ دو روز میں مکمل ہو گا ۔ خواتین ، ٹیکنو کریٹ ، ورکر، یوتھ اور اقلیتوں کے لئے الگ الگ رنگ کے بیلٹ پیپرز ہوں گے ۔شہر کی 274یونین کونسلز کے چیئرمین ووٹ کاسٹ کریں گے ۔ دوسری جانب یونین کونسلز میں مخصوص نشستوں پر الیکشن 14فروری کو ہوں گے ۔ ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر طاہر منصور خان نے ریٹرنگ افسران کو بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے لئے امیدواروں کے کوائف جلد جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :