دوست بدل سکتے ہیں لیکن ہمسائے نہیں ، بھارت

پاکستان کیساتھ بہتر ی کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں نتائج آنے میں وقت لگے گا،وی کے سنگھ

منگل 2 فروری 2016 13:46

جے پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء)بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ امور وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کی مرکزی حکومت نے پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں تاہم ان کے نتائج آنے میں وقت لگے گا،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم دوست تبدیل کرسکتے ہیں لیکن ہمسائے نہیں ،بھارت نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں لیکن ایسی اقدامات کے نتائج کے لئے وقت درکار ہوتا ہے ،ان کا کہنا تھا کہ پٹھان کوٹ واقعہ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں سردمہری پیدا ہوئی ہے امید ہے کہ مستقبل قریب میں ایسے واقعات دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر نہیں کریں گے ،انکا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی کوشش ہے کہ پڑوسی ملک کے ساتھ تعلقات بہتر بنایا جائے ،دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہوئے ہیں ،دونوں ملکو ں کو دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔