Live Updates

نوجوانوں کو آئی سی ٹی سے متعلقہ کاروربار کی عملی تربیت سے بہرہ ور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، آئی سی ٹی کو پرائمری اور سیکنڈری سطح سے ہی نصاب کا لازمی حصہ بنانا چاہتے ہیں،مائیکروسافٹ نے نصاب سازی کے عمل میں معاونت پر آمادگی کا اظہار کیا ہے

وزیر مملکت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام انوشہ رحمن کی مائیکرو سافٹ کمپنی کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات میں گفتگو

پیر 1 فروری 2016 22:31

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء ) وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ہم نوجوانوں کو آئی سی ٹی سے متعلقہ کاروربار کی عملی تربیت سے بہرہ ور کریں اور ایک ایسی ماحول سازی کی جائے کہ آئی سی ٹی سے وابستہ نوجوانوں کو اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع میسر آ سکیں ، انہوں نے بیت المال کی غریب بچیوں کی آئی سی ٹی تربیت کے شروع کیے گئے منصوبے " آئی سی ٹی فار گرلز " میں شراکت دار بننے اور عملی طور پر اس معاہدہ پر دستخط کرنے پر " مائیکرو سافٹ " کی تعریف کی۔

ہم اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ آئی سی ٹی کو بروئے کار لا کر معاشی و معاشرتی ترقی کے اہداف کو بخوبی حاصل کیا جا سکتا ہے ، ہم آئی سی ٹی کو پرائمری اور سیکنڈری سطح سے ہی نصاب کا لازمی حصہ بنانا چاہتے ہیں ، اس سلسلہ میں ممبر آئی ٹی " نصاب " مرتب کر رہے ہیں انہوں نے مائیکروسافٹ سے بھی کہا کہ وہ ا س نصاب سازی کے عمل میں انکی معاونت کریں جس پر مائیکروسافٹ نے آمادگی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

پیر کو مائیکرو سافٹ کمپنی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام مسز انوشہ رحمن سے ملاقات کی ۔دفد کی قیادت جنرل مینیجر مائیکروسافٹ برائے جنوبی افریقہ ، مشرقی میڈیٹرینین و پاکستان لیلیٰ سرحان نے کی۔ دوران ملاقات آئی سی ٹی کی ترویج کے حوالے سے بہت سے دوطرفہ دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔

ممبر آئی ٹی سید رضا شاہ اور ممبر ایچ آر طاہر مشتاق بھی اس موقع پر موجود تھے ۔مس لیلی سرحان نے وزیر مملکت کو خطے سے متعلقہ انکی کمپنی کی علاقائی حکمت کے خدوخال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مائیکروسافٹ جدید ٹیکنالوجی متعارف کروا کر انسانی وسائل کی تربیت اور بہترین خدمات کی فراہمی کے سبب معاشرتی تبدیلی و ترقی میں اپنافعال کردار ادا کرنے کی حکمت عملی پر گامزن ہے اور پاکستان میں" سینٹر آف ایکسیلنس " قائم کرنے جا رہا ہے ۔

وزیر مملکت نے وفد اراکین کو آگاہ کیا کہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ہم نوجوانوں کو آئی سی ٹی سے متعلقہ کاروربار کی عملی تربیب سے بہرہ ور کریں اور ایک ایسی ماحول سازی کی جائے کہ آئی سی ٹی سے وابستہ نوجوانوں کو اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے بیت المال کی غریب بچیوں کی آئی سی ٹی تربیت کے شروع کیے گئے منصوبے " آئی سی ٹی فار گرلز " میں شراکت دار بننے اور عملی طور پر اس معاہدہ پر دستخط کرنے پر " مائیکرو سافٹ " کی تعریف کی۔

مائیکروسافٹ وفد کے شرکاء نے وزیر مملکت کو آگاہ کیا کہ بیت المال کی ان بچیوں کی آئی سی ٹی سے متعلقہ عملی تربیت اسی سال فروری میں شروع کر دی جائے گی۔وفد اراکین نے وزیر مملکت کو بتایا کہ مائیکروسافٹ پاکستان میں اسوقت 160 کے قریب تربیتی مراکز قائم کر چکا ہے اور اب پاکستان کے آئی ٹی شعبہ میں ہونیوالی بے مثال ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک اعلی معیاری " سنٹر آف ایکسیلنس " قائم کرنے جارہا ہے ۔

انوشہ رحمن نے کہا کہ ہم اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ آئی سی ٹی کو بروئے کار لا کر معاشی و معاشرتی ترقی کے اہداف کو بخوبی حاصل کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی سی ٹی کو پرائمری اور سیکنڈری سطح سے ہی نصاب کا لازمی حصہ بنانا چاہتے ہیں ۔ اس سلسلہ میں ممبر آئی ٹی " نصاب " مرتب کر رہے ہیں انہوں نے مائیکروسافٹ سے بھی کہا کہ وہ ا س نصاب سازی کے عمل میں انکی معاونت کریں جس پر مائیکروسافٹ نے آمادگی کا اظہار کیا۔

وفدکی سربراہ مس لیلی نے پائیریسی ، سائبر سیکورٹی اور ڈیٹا پروٹیکشن کے حوالے سے اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیا جس پر وزیر مملکت نے کہا کہ ان امور پر ہمارے سمیت پوری دنیا کے تحفظات ہیں اور ہم ان تحفظات کے تدارک کے لیے کام کر رہے ہیں۔سائبر کرائم بل جو اس وقت قانون سازی کے مراحل سے گزر رہا ہے اس میں بھی ہم نے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں اور ہم نے " ڈیٹا پروٹیکشن " کے حوالے سے اسی زیر ترتیب آئی ٹی پالیسی میں بھی شامل رکھا ہے جو عنقریب منظر عام پر لائی جائے گی ۔

وفد کی سربراہ مس لیلی نے آئی سی ٹی کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور موجودہ حکومت کے وژن کی تعریف کی اور وزیر مملکت کو یقین دلایا کہ وہ پاکستان میں آئی سی ٹی کے ذریعے معاشی و اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے ملک کے اندر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معاونت سے مائیکروسافٹ کے دائرہ کار کو بڑھائیں گے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بھرپور معاونت کرینگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات