خوراک سے متعلق امور اور اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل کیے جائیں ، 18 ویں آئینی ترمیم کے تحت اب تک اختیارات نہیں دیئے گئے ہیں

صوبائی وزیر زراعت سردار علی نواز مہرکا سندھ اسمبلی میں وقفہ سوالات میں اظہار خیال

پیر 1 فروری 2016 22:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء) سندھ کے وزیر زراعت سردار علی نواز خان مہر نے کہا ہے کہ خوراک سے متعلق امور اور اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل کیے جائیں ۔ 18 ویں آئینی ترمیم کے تحت اب تک اختیارات نہیں دیئے گئے ہیں، وہ پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں محکمہ خوراک سے متعلق وقفہ سوالات کے دوران متعدد ارکان کے تحریری اور ضمنی سوالوں کے جوابات دے رہے تھے ۔

وزیر زراعت نے بتایا کہ صوبے میں چار فرٹیلائزر فیکٹریز ہیں ۔ ان میں اینگرو فرٹیلائزر کمپنی ڈہرکی ( پرانی ) ، اینگرو فرٹیلائزر کمپنی ڈہرکی (نئی ) ، فوجی فرٹیلائزر کمپنی میرپور خاص ماتھیلو اور فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کراچی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کرم کشن دوائیں فروخت کرنے والی 98 رجسٹرڈ کمپنیاں کام کر رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

غیر رجسٹرڈ کمپنیاں بھی کام کرتی ہیں ۔

ان کے خلاف شکایات ملنے پر کارروائی کی جاتی ہے ۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ سندھ میں زرعی ریسرچ کے اداروں میں سندھ کے لوگوں کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں کے لوگ بھی کام کرتے ہیں ۔ ریسرچ کے لیے بجٹ بہت کم ہے ۔ حکومت سے درخواست کریں گے کہ وہ بجٹ میں اضافہ کرے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں مختلف فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار پنجاب سے زیادہ ہے ۔ وزیر زراعت نے بتایا کہ زرعی دوائیں اور بیچ فروخت کرنے والی کوئی کمپنی سندھ میں زرعی ریسرچ کے لیے فنڈز نہیں دیتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے 50 ملکوں کو آم برآمد کیا جاتا ہے ۔ ملک میں آم کی کل پیداوار 16 لاکھ ٹن ہے ۔ اس میں سے صرف 85 ہزار ٹن برآمد کیا جاتا ہے ۔ سب سے زیادہ متحدہ عرب امارات کو 32 ہزار ٹن ، سعودی عرب کو 10 ہزار ٹن ، برطانیہ کو 12 ہزار ٹن اور بیلجیئم کو 10 ہزار ٹن آم برآمد کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آم اور دیگر پھلوں کی برآمد کے لیے کولڈ اسٹوریجز اور دیگر سہولتیں نہیں ہیں ۔

یہ سہولتیں میسر ہوں تو برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ پھلوں کی نمائش منعقد کرنے کے لیے بھی فنڈز نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کو اختیارات نہیں دیئے گئے ۔ وفاقی حکومت نے فوڈ سکیورٹی کے نام سے ایک نئی وزارت قائم کر دی ہے ۔ خوراک سے متعلق امور صوبوں کو منتقل کیے جائیں اور انہیں برآمدات کی بھی اجازت دی جائے۔

متعلقہ عنوان :