سندھ اسمبلی میں پٹرول کی قیمت40روپے فی لیٹر کرنے کی قرارداد منظور

بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچایا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں ، سندھ اسمبلی میں مطالبہ

پیر 1 فروری 2016 22:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء) سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ لوگوں کو پہنچایا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی جائیں، یہ مطالبہ ایک متفقہ قرار داد کے ذریعہ کیا گیا ، جو پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں منظور کی گئی ۔ یہ قرار داد سینئر وزیر تعلیم اور پارلیمانی امور نثار احمدکھوڑو او ر ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین خان کی طرف سے پیش کی گئی تھی ۔

قرار داد پر دیگر ارکان کے بھی دستخط تھے ۔

(جاری ہے)

نثار احمد کھوڑو کی طرف سے پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ ’’ یہ اسمبلی وفاقی حکومت کے اس بے رحمانہ اور بے محل رویہ کی مذمت کرتی ہے کہ اس نے پٹرولیم کی بین الاقوامی قیمتوں کا حقیقی فائدہ شہریوں تک منتقل نہیں کیا ۔ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ پٹرول کی قیمتیں 40 روپے فی لیٹر مقرر کی جائیں جبکہ اسی تناسب سے دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی مقرر کی جائیں، ‘‘ محمد حسین خان کی پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا کہ ’’ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں کے تناسب سے پاکستان میں بھی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ عام لوگوں کو ریلیف دیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :