صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی معیاری تکمیل اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول کو یقینی بنارہے ہیں،پرویزخٹک

صرافہ مارکیٹ کی بند دکانیں کھولنے کااختیارصوبے کے پاس نہیں ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایف آئی اے نے غیر رجسٹرڈ دکانوں کو بند کیا ہے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

پیر 1 فروری 2016 21:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نظام کی شفافیت اور قوانین کے بلاامتیاز نفاذ کو ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ترقیاتی منصوبہ جات کی معیاری تکمیل اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول کو یقینی بنارہی ہے انہوں نے شہر سے تجاوزات کے خاتمے اور اصلاحاتی اقدامات میں تاجر برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کے جائز مسائل حل کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز خیبرپختونخوا کے نمائندہ وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا رکن صوبائی اسمبلی جاوید نسیم، سیکرٹری محکمہ داخلہ، کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر پشاور، سی سی پی او، ڈائریکٹر ایف آئی اے اور چیف منیجر سٹیٹ بینک پشاور بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیمبر کے چارٹرڈ صدر محمد احتشام حلیم نے اس موقع پر صوبائی حکومت کے ترقیاتی و اصلاحاتی اقدامات کو سراہا اور کہاکہ پشاور کی ترقی و بہتری کیلئے تاجر برادری نے ہر ممکن تعاون کیا ہے اورآئندہ بھی بھر پور تعاون کریں گے انہوں نے وزیراعلیٰ کو چھوٹے تاجروں اور صنعتوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تخریبی کاروائیوں سے متاثر تاجروں کو مراعات اور صوبائی کمیٹیوں میں تاجربرادری کو بھی نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر موجود حکام کو مذکورہ مراعات کے سلسلے میں تجاویز بنا کرپیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مختلف کمیٹیوں کیلئے تاجربرادری کو نمائندگی دینے کی یقین دہانی کرائی ۔ صرافہ مارکیٹ کے نمائندہ کی طرف سے بند دکانیں کھولنے کے مطالبے پر وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ یہ صوبے کے اختیار میں نہیں کیونکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایف آئی اے نے ان غیر رجسٹرڈ دکانوں کو بند کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسائل سے بچنے کیلئے تاجررجسٹریشن کویقینی بنائیں اس موقع پر چھوٹے تاجروں کو کاروباری دھارے میں لانے کے سلسلے میں ان کیلئے سرمایہ کاری کی رقم کم کرنے کے معاملہ کو سٹیٹ بینک حکام سے ملکر طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے مزید برآں خیبرپختونخوا کے تاجروں کے لئے فرنچائز کے شیئر کا مطالبہ کرنے پر بھی رضامندی کا اظہار کیا گیا وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہاکہ حکومت تاجر برادری کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رجسٹرڈ ریڑھیوں کیلئے بچت بازار منصوبے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :