پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف پانچ روپے کمی کے اعلان ناکافی اورعوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے،معراج الہدیٰ صدیقی

پیر 1 فروری 2016 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء)جماعت اسلامی سندھ کے امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف پانچ روپے کمی کے اعلان کو ناکافی اورعوام کے ساتھ سنگین مذاق قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی کے مطابق نہ صرف تیل کی قیمتوں واضح کمی بلکہ ٹرانسپورٹ سمیت روزمرہ کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں عوام کو فائدہ پہنچانے کے یقینی وعملی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں 80فیصد کمی کے باوجود پاکستان میں معمولی کمی کرکے اس کا اپنے عوام کو فائدہ نہ پہنچانا حکومتی بے حسی اورعوام کے حقوق پر ڈاکہ زنی ہے۔ دنیا بھر کی جمہوری حکومتیں تیل کی قیمتوں کی کمی کا فائدہ عوام کو پہنچاتی ہیں مگر پاکستان میں اس کے برعکس اپنی شاہانہ طرزحکومت کو برقراررکھنے کیلئے نت نئے ٹیکس لگاکر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس وقت بھی حکومت پیٹرول کے ایک لٹر پر آدھی قیمت ٹیکس وصول کررہی جو کہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے،حالانکہ اس وقت بھی حکومت 30روپے فی لٹرپیٹرول فروخت کرسکتی ہے۔انہوں کہاکہ حکومت عوام کی حالت زار پررحم کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کرکے عوام کو رلیف دے تاکہ ایک عام آدمی بھی بھتر زندگی گذارسکے۔