کئی عشروں سے پختون قوم مشکل حالات سے گزرہی ہے ،سکندرشیرپاؤ

اب وقت کاتقاضاہے پختون قوم لگی آگ کوبجھانے کیلئے آپس میں اتفاق واتحاد کامظاہر ہ کرے،سینئروزیرخیبرپختونخوا

پیر 1 فروری 2016 19:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء)خیبرپختونخواکے سینئر وزیر برائے آبپاشی وسماجی بہبود سکندرحیات خان شیرپاؤ نے کہاہے کہ کئی عشروں سے پختون قوم مشکل حالات سے گزرہی ہے اورپورا پختون خطہ نامساعد حالات کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے اب وقت کاتقاضاہے کہ پختون قوم لگی اس آگ کوبجھانے کے لئے آپس میں اتفاق واتحاد کامظاہر ہ کرے اس وقت قومی وطن پارٹی سے پورے صوبے کے عوام کی امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ حقیقی معنوں میں صرف یہی جماعت پختونوں کے حقوق کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھاتی رہی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع چارسدہ میں محکمہ آبپاشی کے زیرانتظام کنال سڑکوں اورپُلوں کی تعمیر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا جن میں قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پاؤکے علاوہ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشدخان عمرزئی،رکن صوبائی اسمبلی خالد خان مہمند،تحصیل ناظم تنگی یحییٰ جان مہمند اورضلعی وتحصیل کونسلر بھی موجود تھے جبکہ تقاریب میں علاقہ عوام کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

سینئرصوبائی وزیر نے اس موقع پر زیم تا محمود آباد عمرزئی،پوست خان کلے تا خان گڑھی ،زیم ریسٹ ہاؤس تا شمس آباد ،رستم کلے تا غنڈہ خیل اور شیر پاؤ تازیم سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں تقریباًساڑھے چودہ کلومیٹر کے کینال سائیڈ سڑکوں اوردریائے جندی شیرپاؤ پرمتعدد پُلوں کی تعمیر کے منصوبوں کاافتتاح کیا۔ سینئر صوبائی وزیر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ قومی وطن پارٹی نے ہمیشہ قومی مفادات اور غریب عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے اقدامات کئے ہیں اور مخلوط صوبائی حکومت میں رہتے ہوئے ہر جگہ ترقیاتی کاموں کے جال بچھانے کے لئے موثر اقدامات کرے گی۔

سینئر صوبائی وزیر نے یقین دلایا کہ قومی وطن پارٹی عوام کو کھبی بھی مایوس نہیں کرے گی اورامید ہے کہ عوام بھی حقیقی نمائندگی کاحق اداکرنے پر قومی وطن پارٹی کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پارٹی خطے میں امن واستحکام اور پختون قوم کی ترقی وبقا کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن دشمن ہمارے بچوں کے ہاتھوں سے قلم چھیننا چاہتے ہیں اس لئے والدین اپنے بچوں کوتعلیمی اداروں میں ضروربھجیں تاکہ پختون دشمنوں کامنصوبہ ناکام ہوسکیں۔ تقاریب سے قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیر پاؤ ،ارشدخان عمرزئی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔