پی ٹی وی کے معروف پروگرام پروڈیوسرمحمد عظیم کی نماز جنازہ کل ادا کی جائیگی

پیر 1 فروری 2016 15:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام پروڈیوسرمحمد عظیم کی نماز جنازہ کل ( منگل ) 2فروری صبح دس بجے سفاری ولاز،بحریہ ٹاؤن کی مسجد میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا جائیگا۔پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین عطاالحق قاسمی،ایم ڈی محمد مالک ،ڈائریکٹرپروگرام سیّد شاکر عزیر، جی ایم لاہور سینٹر بشارت خان، پروگرام منیجر چوہدری افتخار ورک اورسی بی اے یونین کے مرکزی صدر جہانگیر خان نے محمد عظیم کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ مرحوم کو اپنی جوارِرحمت میں جگہ دے ۔

محمد عظیم یکم جون ۱۹۴۱ کو پیدا ہوئے اور انہوں نے یکم مارچ ۱۹۷۵ میں بطور پروڈیوسرپی ٹی وی میں شمولیت اختیار کی اور۳۱،مارچ ۲۰۰۱ تک خدمات انجام دیں ۔

(جاری ہے)

محمد عظیم کاشمار پاکستان ٹیلی ویژن کے ابتدائی اوربانی پروڈیوسرز میں ہوتا ہے ۔انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن کیلئے بہت سے اردو اور پنجابی ٹیلی تھیٹر،طویل اور مختصر دورانئے کے ڈرامے اور موسیقی کے پروگرام کئے۔

وہ ایک شاعر اور لکھاری بھی تھے ۔ٹیلی تھیٹر آگ انہی کی تحریر اور پیشکش تھی ۔وصال ،آئینہ، مسافقت،سچی کہانیاں ،لبِ سحر،پانی پر بنیاد،رہائی اور پنجابی زبان کے دل دریا،باجرے دیاں پنیاں ، وڑیاں،موڑ مہاراں ،اچیاں لمیاں،وڈے لوک،شام سویر،راس اور لوئے لوئے بھر لے کڑئیے ان کے قابل ذکر پروگرام ہیں ۔صوفیانہ کلام پر پر مبنی چندن رکھ اور دل دریا کو بھی دیر تک یاد رکھا جائے گا ۔