وزیراعلیٰ سندھ کی ملتان آمد،دوست کی بیٹی کے ولیمہ میں شرکت کی

پیر 1 فروری 2016 13:08

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء) وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ گزشتہ اتوار کی سہہ پہر ملتان میں اپنے دیرینہ دوست نور محمد خان علیزئی کی بیٹی کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے لئے خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان پہنچے اور تقریب میں موجود میزبان اور دیگر مہمانوں کے ساتھ گھل مل گئے اور کھلی گفتگو کرتے رہے اس موقع پر وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کو تقریب میں شریک مختلف سیاسی جماعتوں سے وابسطہ افراد نے مشورہ دیا کہ وہ اور ان کی پارٹی مسلم لیگ ن وفاقی حکومت اور سندھ میں حکومت حکومت کے خلاف بننے والے سیاسی اتحاد سے اکیلے نہیں لڑ سکتے لہذا پارٹی اور اس کی قیادت کو چاہئے کہ وہ اپنے اور اپنی حکومت مخالف سیاسی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے سندھ میں دوسری بڑی سیاسی قوت اور ماضی میں پیپلزپارٹی اور ان کی حکومت کی سیاسی حریف جماعت ایم کیو ا یم سے دوبارہ تعلقات کی راہ اپنائے ۔

(جاری ہے)

جس پر وزیر اعلی سندھ سائیں سرکار سید قائم علی شاہ نے دوستوں کے اس سیاسی مشورہ پر زور دار قہقہ لگایا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کے ایم کیو ایم کے ساتھ نظریاتی اور سیاسی اختلافات ضرور ہیں تاہم ذاتی نہیں ۔ ہم تو آج بھی ایم کیو ایم کو سندھ کی سیاسی قوت تسلیم کرتے ہیں اور ایم کیو ایم کو سیاسی جمہوری عمل میں ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں اور میرے خیال میں ایم کیو ایم سے پیپلزپارٹی سے مفاہمت کے لئے ایم کیو ایم کے دیرینہ دوست پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں سیاسی کردار ادا کر سکتے ہیں اس موقع پر وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ نے شادی میں شریک سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مخدوم جاوید ہاشمی جن کا تعلق ملتان سے ہے اور سینئر سیاستدان ہیں ان کے ایم کیو ایم کے ساتھ اچھے تعلقات تھے اور ہیں اگر دوست چاہیں تو ان کی معاونت دلوا سکتے ہیں جو کارگر ثابت ہو گی ذرائع کے مطا بق وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کی سیاسی دور اندیشی کی بات سن کر تقریب میں شریک مہمان اور دوست بھی سائیں سرکار کی سیاسی بصیرت کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے اب آگے کیا ہو گا خدا جانے ، سائیں جانے ایم کیو ایم جانے ۔

متعلقہ عنوان :