بی بی سی کے نامور براڈکاسٹر سر ٹیری ووگن انتقال کر گئے

پیر 1 فروری 2016 12:31

بی بی سی کے نامور براڈکاسٹر سر ٹیری ووگن انتقال کر گئے

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء)بی بی سی کے تجربہ کار براڈ کاسٹر سر ٹیری ووگن مختصر علالت کے بعد 77 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔سر ٹیری ووگن کو گذشتہ نومبر میں سالانہ ٹیلی تھون نشریات ’چلڈرن ان نیڈ‘ کی میزبانی کے بعد سے نہیں دیکھا گیا تھا۔ ان کے خاندان والوں کا کہنا ہے کہ سر ٹیری نے سرطان کا مختصر لیکن دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا۔

بی بی سی کے ڈائریکٹر ٹونی ہال نے انھیں’ ’براڈ کاسٹنگ لیجنڈ“ قرار دیا ہے۔براڈ کاسٹر سائمن مایو کا کہنا ہے کہ ’مائیکروفون کے پیچھے سر ٹیری سے بہتر کوئی اور دوست نہیں تھا۔سر ٹیری کے سوگواروں میں ان کی اہلیہ ہیلن اور تین بچے شامل ہیں۔ان کے خاندان والوں کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سر ٹیری کے آخری وقت میں تمام خاندان والے ان کے پاس تھے۔

(جاری ہے)

ہم جانتے ہیں کہ انھیں بہت سے لوگ یاد رکھیں گے تاہم اس وقت ہماری پرائیویسی زیادہ محترم ہے۔سر ٹیری ووگن نے سنہ 1972 سے 1984 کے دوران ریڈیو 2 کے لیے صبح کا پروگرام ’دی ٹیری ووگن شو‘ کیا۔ تقریباً دس سال بعد سنہ 1993 میں انھوں نے ’وویک اپ ٹو ووگن ‘ پروگرام کے ساتھ واپسی کی۔ان کے صبح کے پروگرام کو باقاعدگی سے سننے والوں کی تعداد 80 لاکھ کے قریب تھی۔ریڈیو 2 کے کنٹرولر باب شینن کا کہنا ہے کہ ’اس ملک میں سر ٹیری ایک عظیم اور سب سے نامور ریڈیو ہوسٹ تھے۔