حکومت عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں انتہائی کم سطح پر آ گئی ہیں، فی بیرل 23 ڈالر تک پٹرولیم مصنوعات فروخت ہورہی ہیں لیکن وزیراعظم نے اوگرا کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے صرف 5 روپے فی لٹر قیمت کم کی ہے، حکومت پٹرول کی 3 گنا قیمت وصول کر رہی ہے جو انتہائی ظلم و زیادتی ہے،حقیقی اپوزیشن نہ ہونے کی وجہ سے حکومت من مانی پر اتر آئی ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا اجلاس سے خطاب

اتوار 31 جنوری 2016 23:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے ۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں انتہائی کم سطح پر آ گئی ہیں ۔ فی بیرل 23 ڈالر تک پٹرولیم مصنوعات فروخت ہورہی ہیں لیکن وزیراعظم نے اوگرا کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے صرف 5 روپے فی لٹر قیمت کم کی ہے اس لحاظ سے حکومت پٹرول کی تین گنا قیمت وصول کر رہی ہے ۔

یہ انتہائی ظلم و زیادتی ہے ۔ حقیقی اپوزیشن نہ ہونے کی وجہ سے حکومت من مانی پر اتر آئی ہے ۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسجد قبا فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی ضلع وسطی کے اجتماع ارکان اور ادارہ نور حق میں حلقہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران کے خصوصی اجلاس سے خطاب اور سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرکزی نائب امراء اسد اللہ بھٹو،راشد نسیم ، مرکزی ڈپٹی سکریٹری محمد اصغر ،صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ،صوبائی نائب امیر محمد حسین محنتی ،امیر کراچی ،حافظ نعیم الرحمن ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں صرف 5روپے کی کمی کا اعلان صرف عوام کے ساتھ مذاق ہی نہیں بلکہ ظلم وزیادتی ہے ۔

انہوں نے پیٹرول قیمتوں میں نہ ہونے کے برابر کمی پر گہری تشویش کا اظہار اورحکومت کی عوام دشمنی پر مبنی پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا نے قیمتوں میں کمی کی تقریباً 11روپے کی سفارش کی تھی اور یہ کمی بھی عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے تناسب سے بہت کم ہے کیونکہ تیل کی قیمت گزشتہ 15سال کی کم ترین سطح پر آچکی ہے لیکن وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے عوام دشمن مشیروں کی سفارشات پر عمل کیا اور اوگرا کی سفارش کو بھی مسترد کر کے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ حکمران طبقے کو عوام کی مشکلات وپریشانیوں اور مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

ا نہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام اسلام سے گہری اور والہانہ وابستگی رکھتے ہیں ۔ملک میں سیکولرازم کو پروان چڑھانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔مارچ میں سود،کرپشن اور اسٹیٹس کو کے خلاف بھر پور مہم شروع کریں گے۔جماعت اسلامی آئینی اور جمہوری طریقوں کے مطابق تبدیلی کی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ۔2018ملک میں الیکشن اور تبدیلی کا سال ہوگا ۔

کارکنا ن،ارکان اور ذمہ داران بھرپور طریقے سے الیکشن کی تیاری شروع کردیں۔کراچی باصلاحیت افرادی قوت کا حامل شہر ہے۔ جماعت اسلامی کا اسلامی اور فلاحی ایجنڈا ہی کراچی کے مسائل کا حل اور عوام کے دکھوں کا مداوا بن سکتا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی کی تعمیرو ترقی کے لیے اپنے ایجنڈے کو عوام کے سامنے پیش کریں ۔عبد الستار افغانی اورنعمت اللہ خان ایڈوکیٹ نے اربوں روپے کے بجٹ کو کرپشن فری طریقے سے کراچی کی تعمیر و ترقی پر لگایا تھا اور خدمت اور دیانت کی اعلیٰ مثال قائم کی تھی ۔

عوام کی خادم اوردیانت دار قیادت ہی کراچی کے عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے ۔انہو ں نے کہاکہ خواتین کو وراثت سے محروم نہ کیا جائے اور معاشرے میں خواتین کو ان کا جائز مقام ملے ۔ریاست اور حکومت مظلوموں اور بے سہاروں کی مدد گار اور کفیل ہو ۔یہ ہی ہمارا مشن اور وژن ہے اور جماعت اسلامی کا ایجنڈا ہے۔ارکان جماعت اسلامی کی تنظیم اور تحریک میں حیثیت بہت اہم ہے اور ان پر بہت زیادہ ذمہ داریاں ہیں۔ جماعت اسلامی کے اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے ۔دعوت اور تبلیغ کے میدان میں اور عوام سے رابطے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر وقت متحرک رہیں۔