پنجاب میٹروبس اتھارٹی کی بیوروکریسی نے ملتان کی عوام کے ساتھ ہاتھ کرنے کا منصوبہ بنالیا، ملتان میں میٹروبس منصوبے کیلئے منگوائی گئیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بسیں ملتان بھیجنے کی بجائے لاہور میں رکھنے کا فیصلہ ، لاہور میں استعمال شدہ بسیں ملتان میں بھیجی جائیں گی،ذرائع

اتوار 31 جنوری 2016 21:09

پنجاب میٹروبس اتھارٹی کی بیوروکریسی نے ملتان کی عوام کے ساتھ ہاتھ کرنے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31جنوری۔2016ء) پنجاب میٹروبس اتھارٹی کی بیوروکریسی نے ملتان کی عوام کے ساتھ ہاتھ کرنے کا منصوبہ بنالیا،ملتان میں میٹروبس منصوبے کے لئے ترکی سے منگوائی گئیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بسیں ملتان بھیجنے کی بجائے لاہور میں رکھنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ لاہور میں استعمال شدہ بسیں ملتان میں بھیجی جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق لاہور اور راولپنڈی ا سلام آباد میٹروبس منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ملتان میٹروبس منصوبہ بھی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگیاہے،ملتان میں میٹروبس منصوبے کا آغاز مئی2015میں ہواتھا اور وزیر اعلی پنجاب نے یہ منصوبہ12ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدایات دی تھیں،ملتان میٹروبس منصوبہ18.2کلومیٹر طویل روٹ پر مشتمل ہے جو تاریخی شہر ملتان کے تمام اہم مقامات سے گزرے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملتان میٹروبس منصوبے کے لئے ترکی کی کمپنی کو بسوں کی فراہمی کا آرڈر دیا گیا تھا،ملتان کیلئے منگوائی گئی بسیں راولپنڈی اور لاہور میٹروبس منصوبے میں استعمال ہونے والی بسوں کی نسبت جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب میٹروبس اتھارٹی کی بیوروکریسی نے ملتان کیلئے منگوائی گئی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بسیں ملتان بھیجنے کی بجائے لاہور میں ہی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ملتان میٹروبس منصوبے کیلئے لاہور میں استعمال شدہ بسیں بھیجی جائیں گی۔