احتساب کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی ‘ عزیر بلوچ نے جو کچھ بھی کیا ہے متعلق حقائق جلد سامنے آجائینگے ‘ پیپلز پارٹی پر ہمیشہ الزامات لگتے رہے ہیں لیکن عدالتیں موجود ہیں وہیں فیصلے ہونے چاہئیں،سابق وزیر اعظم سید یو سف رضا گیلانی کی میاں عامر محمود کی رہائشگاہ پر میڈیا سے بات چیت

اتوار 31 جنوری 2016 20:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31جنوری۔2016ء) سابق وزیر اعظم سید یو سف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ احتساب کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی ‘بطور وزیر اعظم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو متحرک کیا اور اپوزیشن کو اختیار دیا کہ حکومت کا احتساب کرے ‘ عزیر بلوچ نے جو کچھ بھی کیا ہے متعلق حقائق جلد سامنے آجائینگے ،پیپلز پارٹی پر ہمیشہ الزامات لگتے رہے ہیں لیکن عدالتیں موجود ہیں وہیں فیصلے ہونے چاہئیں۔

وہ سابق ضلع ناظم و دنیا میڈیا گروپ کے چیئر مین میاں عامر محمود کی رہائشگاہ پر ان کے والد میاں ظہو رالحق کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عزیز بلوچ نے جو کچھ بھی کیا ہے حقائق جلد سامنے آ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور نواز شریف دہشتگردوں سے مذاکرات کے حق میں تھے ۔

دہشتگرد عناصر کے خلاف فوجی آپریشن پیپلز پارٹی کے دور میں شروع ہوا ۔اب موجودہ حکومت کے دور میں بھی پیپلز پارٹی نے دہشتگردی سے متعلق پالیسی پر نواز شریف کو مینڈیٹ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں اور اب بھی ہم اچھے روابط کے خواہا ں ہیں۔انہوں نے بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو وہ اختیارات نہیں مل رہے جو ملنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف اپنی جماعت کی پالیسی پر چلتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے پانچ سال جیل کاٹی ہے لیکن کسی سے شکایت نہیں کی۔ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں احتساب کا سامنا کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ احتساب کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی ۔بطور وزیر اعظم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو متحرک کیا اور اپوزیشن کو اختیار دیا کہ حکومت کا احتساب کرے ۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے میرے اوپر مقدمات درج کرائے میں انہی کا وزیر اعظم بن گیا اور جمہوریت ہی سب سے بہتر انتقام ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی واضح پالیسی تھی کہ کسی سیاسی جماعت کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی اور میں بھی کسی کے خلاف انتقامی نہ کرنے کی نیت سے ہی وزیراعظم بنا، سبھی کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے کیونکہ اتفاق رائے کے بغیر کوئی حکومت چل نہیں سکتی ۔

متعلقہ عنوان :