کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے وزیر اعظم اور آرمی چیف کا عزم خوش آئند ہے، ساجد میر

عزیز بلوچ کی گرفتاری بڑی پیش رفت ہے ، دہشتگردوں ‘ انکے سہولت کاروں اور فنڈز دینے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،تنظیمی وفود سے گفتگو

اتوار 31 جنوری 2016 17:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان پروفیسر ساجد میر نے کہاہے کہ کراچی آپریشن منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے وزیر اعظم اور آرمی چیف کا عزم خوش آئند ہے۔ عزیز بلوچ کی گرفتاری بڑی پیش رفت ہے ،بلاتفریق دہشتگردوں ‘ انکے سہولت کاروں اور فنڈز دینے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے کیونکہ بے لاگ آپریشن سے ہی مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔

مرکزی دفتر میں تنظیمی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی امن دشمن عناصر کی گرفتاریوں پر پریشان ہونے کی بجائے حکومت سے تعاون کرے۔ کراچی آپریشن کو شہر قائد کے باسیوں کے علاوہ پورے پاکستان کی حمایت حاصل ہے اس لئے اس آپریشن کے دوران حائل ہونے والی تمام رکاوٹیں دور کرکے اسے جاری رکھا جائے۔

(جاری ہے)

ہم کراچی میں امن وامان کے قیام کیلئے رینجرز کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی تعریف کے مستحق ہیں جو بڑی جرات مندی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کررہے ہیں۔پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ عزیز بلوچ جن سیاسی سرپرستوں اور پولیس افسران کے نام لے رہا ہے انہیں بھی شامل تفتیش کیا جاناچاہیے۔انکے خلاف مقدمات فوج عدالتوں میں چلنے چاہییں۔ انہوں نے کہاکہ روشنیوں کے شہر میں امن بحال ہوا، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی واقع ہوئی۔ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد وہاں کے شہریوں اور تاجروں نے سکھ کا سانس لیا۔ پیپلز پارٹی اس آپریشن کو مزید جاری رکھنے کے راستے میں روڑے نہ اٹکائے