سوشل میڈیا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، دنیا بھر میں روائتی میڈیا کے بعد سوشل میڈیا کی بھی اہمیت ثابت ہو چکی ہے، سردار ظفرحسین ایڈووکیٹ

اتوار 31 جنوری 2016 17:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفرحسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے، دنیا بھر میں روائتی میڈیا کے بعد سوشل میڈیا کی بھی اہمیت ثابت ہو چکی ہے،جماعت اسلامی کے کارکن بھی اس سے بھر پور استفادہ کرکے جماعت کی دعوت کو عام افراد تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں،اس شعبہ کو دعوت دین کے لئے استعمال کرکے فحاشی و عریانی اور کفر و الحاد کی یلغار کو کسی حد تک روکا جا سکتا ہے اور معاشرتی تباہی پھیلاتے اس میڈیا کو اسلامی ثقافت و روایات کا امین بھی بنایا جا سکتاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں سوشل میڈیا کے سلسلہ میں ہونے والی ضلعی ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔

(جاری ہے)

ورکشاپ میں شرکا کو سوشل میڈیا کے استعمال کی تکنیکی معلومات فراہم کی گئیں ۔سردارظفر نے کہا کہ آج کی دنیا سمٹ کر گلوبل ولیج کی حیثیت اختیار کرچکی ہے۔ اس میں سب سے اہم کردار کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کا ہے جس کے ذریعے چند لمحوں میں کوئی بھی خبر دنیا کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک پہنچ جاتی ہے، صرف ایک کلک کے ذریعے ہم بیک وقت پوری دنیامیں اپنے ساتھیوں اور دوستوں اور عام افراد سے رابطہ کرسکتے ہیں، ان تک اپنی بات پہنچاسکتے ہیں ان کی رائے بناسکتے ہیں خود ان کے ہم نوا بن سکتے ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ہم بحیثیت مسلمان اپنا دینی فرض سمجھ کر ان وسائل کو اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے استعمال کریں

متعلقہ عنوان :