نواز شریف نے اپنے بیانات سے ثابت کیا ہے وہ سرمایہ داروں کے وزیراعظم ہیں،چوہدری سعید اقبال

عام غریب محنت کشوں ، کسانوں، ریڑھی بانوں ،غریبوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں، پی پی رہنماء

اتوار 31 جنوری 2016 17:34

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماوسابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مواصلات چوہدری سعید اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے بیانات سے ثابت کیا ہے کہ وہ سرمایہ داروں کے وزیراعظم ہیں ،عام غریب محنت کشوں ، کسانوں، ریڑھی بانوں ،غریبوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کو معلوم ہونا چاہئے کہ آلو بھرپور فصل ہونے کے باوجودپانچ روپے نہیں پچیس روپے فی کلوفروخت ہورہا ہے۔

جبکہ دنیا بھر میں پٹرولم مصنوعات بیس سے تیس پاکستانی روپے فی لٹر میں دستیاب ہیں مگر حکومت اپنے اللے تللوں اور غیر ترقیاتی کاموں سے کمیشن کھانے کیلئے یہی پٹرول غریب عوام کو 71روپے میں فروخت کرکے اربوں روپے فی مہینہ صرف پٹرول سے ہی کما رہی ہے۔

(جاری ہے)

بڑے مگر مچھوں اور سرمایہ داروں سے ٹیکس لینے کی بجائے چھوٹے دوکانداروں اور غریب محنت کشوں کے ’لقمے گننے تک محدود‘ نواز حکومت کیلئے شرم کا مقام ہے۔

انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے لاہور میں پٹرول صرف پانچ روپے سستا کرنے کے اعلان کے دوران آلو کی غلط قیمت بتا نے پر اپنے ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہاوزیراعظم نواز شریف اپنے نااہل مشیروں اور وزیروں پر انحصار کرکے عوام کو دھوکا دینا چاہتے ہیں۔ مگر جو عوام ان ’شریفوں‘ کی مہربانی سے روزانہ سب سے پہلے اپنے دن کا آغاز ہی اشیاء کی قیمتیں دیکھنے سے کرتے ہیں ان سے آلو کی قیمت کیسے چھپی رہ سکتی ہے؟ وفاقی وصوبائی حکومت اورنج لائن جیسے مہنگے منصوبوں کی مد میں عوام پر اربوں روپے کا سودی قرضہ چڑھانے کی بجائے غریبوں کیلئے رہائش، سستی اشیائے خوردو نوش، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں پر خرچ کریں۔

ن لیگی ارکان پارلیمنٹ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں تاجروں کو اکسا کر روزانہ طوفان بدتمیزی برپا کرکے اور ڈرامے بازیاں کرکے پی پی حکومت کے خلاف میڈیا ٹرائل کرواتے تھے۔ اب کہاں جاسوئے ہیں؟؟

متعلقہ عنوان :