اتوار بازاروں میں حکومتی میکنزم کے تحت صارفین کو مناسب نرخوں میں اشیاء ضروریہ دستیاب ہیں‘بلا ل یاسین

حکومتی اقدامات سے اور گڈ گورننس کے باعث وزیر اعلی کے ویژن کو تقویت ملی ہے‘صوبائی وزیر خوراک کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 31 جنوری 2016 15:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جنوری۔2016ء )صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ موثر حکومتی اقدامات کی بدولت صوبہ بھر کے اتوار بازاروں اور ماڈل بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے نرخ کنٹرول میں اور عوام کو اشیاء ضروریہ مناسب نرخوں میں وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور اتوار بازاروں میں حکومتی میکنزم کے تحت صارفین کو مناسب نرخوں میں اشیا دستیاب ہیں-یہ بات انہو ں نے شاد مان اتوار بازار کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی-اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹی ایم او داتا گنج بخش ٹاؤن بھی تھے-صوبائی وزیر نے صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے ویژن کی روشنی میں ملاوٹ کرنے والوں اور ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائی جا ری رکھے ہوئے ہے اور عوام کو اشیاء ضروریہ معیاری ،سستی اور و افر مقدار میں دستیاب ہیں-انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے وزیر اعلی کے ویژن کو تقویت ملی ہے اور حکومتی گڈ گورننس کی بدولت عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے -انہوں نے مزید کہاکہ عوام کے مزید اعتماد کو قائم رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کو پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدر آمد کرانے کے عمل کو سختی سے جاری رکھنے کی ہدایت ہے-اس موقع پر صوبائی وزیر نے صارفین سے اتوار بازاروں کی صورتحال بارے دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ پارکنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنایا جائے جس پر صوبائی وزیر نے ٹی ایم او کو فوری حکم دیتے ہوئے آئندہ ان شکایات کے ازالے کے لئے ہدایت کی -انہوں نے کہا کہ اتوار بازاروں کے قیام کا مقصد ناصرف عوام کو معیاری اشیاء فراہم کرنا ہے بلکہ ایک بازار میں تمام اشیاء ضروریہ معیاری اور ارزاں نرخوں پر دستیاب کرنا بھی ہے -