خصوصی افرادکو ہنر مند بنا کر قومی ترقی میں انکے کردار کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے ‘ملک اقبال

خدمت کارڈ پروگرا م کیلئے رواں مالی سال میں دو ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے‘وزیر کوآپریٹو

اتوار 31 جنوری 2016 14:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جنوری۔2016ء )صو بائی وزیر کوآپریٹو ملک محمد اقبال چنڑ نے اپنے آفس میں سماجی تنظیم کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں خصوصی افرادکو ہنر مند بنا کر قومی ترقی میں انکے کردار کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ پنجاب حکومت کاخدمت کارڈ پروگرا م خصو صی افراد کی مالی معاونت، فلاح و بہبود، فنی تر بیت و بحالی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

جس کے لئے رواں مالی سال میں دو ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے اس پروگرام کے استفادہ کنندگان کی شناخت کے لئے بی آئی ایس پی سے غربت کے معیار کو جانچنے کے لئے کئے گئے سروے کے اعداد و شمارحاصل کئے گئے اور ان کا تجزیہ کیا گیاتو175,000 معزور افراد کی نشاندہی ہوئی ۔

(جاری ہے)

18 سال سے کم اور18 سے زائد عمر کے معزور افراد کی علیحدہ علیحدہ فہرستیں مرتب کرکے ا ضلاع کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔

اضلاع میں تحصیل کی سطح پر خدمت کارڈ کا اجراء طبی معائنہ اور بائیو میٹرک تصدیق پر کر دیا جائے گا۔اس میں اہم بات یہ ہے کہ18 سال سے کم عمر افراد کے طبی معائنہ کے بعد کارڈ انکی والدہ کے نام پر جاری ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خدمت کارڈ پروگرام صوبہ بھر کے انتہائی پسماندہ افراد کو مالی معاونت فراہم کرنے کی ایک اہم کاوش ہے۔