سکولوں کی سکیورٹی موثربنانے کے لئے سکول کونسلز کو فعال بنایا جا رہاہے‘صوبائی وزیر تعلیم

اپنے بچوں کی حفاظت کیلئے ہر حد تک جا سکتے ہیں،رانا مشہود احمد خان کا سکول سیفٹی ورکشاپ سے خطاب

اتوار 31 جنوری 2016 13:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جنوری۔2016ء ) سکولوں کی حفاظت کا نظام مزید موثر اور فول پروف بنانے کے لئے سکول کونسلز کو فعال کیا جا رہا ہے اور انہیں درکار فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں ،اپنے بچوں کی حفاظت کے لئے ہر حد تک جا سکتے ہیں، دہشت گردی کے نظریے کی حمایت کرنے والی سوچ اور بیانیے کو تبدیل کر کے اس مائنڈ سیٹ کوشکست دی جا سکتی ہے ۔

یہ بات صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خان نے یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ 6روزہ کمپری ہنسوسکول سیفٹی ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) جواد اکرم ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو زاہد سعید او رڈی آئی جی احمد اسحاق جہانگیر بھی موجود تھے-ورکشاپ میں تعلیمی اداروں کے افسران اور دیگر این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس ورکشاپ کا اہتمام پی ڈی ایم اے پنجاب اور یونیسف نے مشترکہ طو رپر کیا تھا ۔صوبائی وزیر تعلیم نے اپنے خطاب میں کہاکہ دنیا بھر میں تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں سمیت آئندہ نسلوں کی تعلیم و تربیت ، صحت اورجان کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کئے جاتے ہیں ، پنجاب حکومت صوبے کے بچوں کو اپنا قیمتی ترین سرمایہ سمجھتی ہے یہی وجہ ہے تعلیمی اداروں کی حفاظت کے لئے صوبے میں غیرمعمولی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ قدرتی آفات، بیماریو ں اور وباؤں کے حملوں ، خانہ جنگی اورسماجی تشدد کے رویوں سے بچوں کومحفوظ رکھنے کیلئے مختلف اقدامات کے حوالے سے اس ورکشاپ کا انعقاد خوش آئند اور ہمارے ملک کے حالات کے تناظر میں بے حد اہم ہے۔اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بھی خطاب کیا ۔آخر میں ورکشاپ کے شرکاء میں وزیرتعلیم اور سینئر ممبر بورڈآف ریونیو اسناد و شیلڈز تقسیم کیں۔