گورنر سندھ سے رمیش کمار کی ملاقات،ہندو کمیونٹی کے مسائل اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 30 جنوری 2016 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے تھر پا کر سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے ہفتہ کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران صوبہ سندھ میں ہندو کمیونٹی کے مسائل اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں وہ اپنے مذہبی فرائض اپنے عقائد کے مطابق اپنی عبادت گاہوں میں ادا کرنے کے لئے مکمل طور پر آزاد ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بین المذاہب ڈائیلاگ اور مختلف مذاہب کے پیرو کاروں کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے فروغ کے لئے شروع کئے گئے پروگرام کی صوبائی حکومت بھرپور تائید کرتی ہے اور اس سلسلہ میں ہر ممکن اقدامات بھی کئے جارہے ہیں تاکہ صوبہ سندھ میں بین المذاہب ہم آہنگی بر قرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اسے مزید فروغ بھی دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ میں آباد تمام اقلیتیں صوبہ کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے جس کے لئے وہ خراج تحسین کی مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اقلیتوں کی طرح ہندو کمیونٹی بھی صوبہ کی خوشحالی اور ترقی کے لئے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے گورنر سندھ کو بتایا کہ صوبہ سندھ میں آباد ہندو کمیونٹی صوبہ اور ملک کی ترقی کو سب سے زیادہ ترجیح دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو کمیونٹی کے مسائل مختلف نوعیت کے ہیں جن کی جانب مزید توجہ دیئے جانے کی ضرورت ہے ۔