پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بے وسیلہ طبقات میں تعلیم عام کررہی ہے‘ رانا مشہود احمد خان

فاؤنڈیشن کے اقدامات سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں تعلیمی انفراسٹرکچر قائم کرنے میں مددملی ہے‘ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہاہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن بے وسیلہ طبقات میں تعلیم عام کرنے میں کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے،فاؤنڈیشن کی تعلیمی اصلاحات سے پرائیوٹ سکولز کو خصوصی فائدہ پہنچاہے اور کوالٹی ایجوکیشن عام کرنے میں مدد ملی ہے ۔یہ بات انہوں نے یہاں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دفترمیں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں چیئرمین انجینئر قمر السلام راجہ، ایم ڈی طارق رفیق ،ڈپٹی ایم ڈی طارق محمود او ردیگر افسران سمیت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے نمائندے موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت پنجاب کی تعلیمی اصلاحات کے نہایت مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اسی طرح حصول تعلیم تک رسائی ممکن ہونے سے بے وسیلہ طبقات کے بچے پڑھ لکھ کراپنا مقدر سنوار رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعلی شہبازشریف کی قیادت میں کی گئی تعلیمی اصلاحات سے پنجاب تعلیم کا مرکز بن کر ابھراہے ،آج ہمارے بچے تعلیم کے ذریعے قومی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ہمارا عزم ہے کہ 2018 تک ہر بچے کو سکول داخل کروایا جائے۔یہ بہترین سماجی خدمت ہوگی جس سے پورا ملک فائدہ اٹھائے گا ۔انہوں نے کہاکہ حکومتی اقدامات کا بنیادی مطمع نظر کوالٹی ایجوکیشن کا فروغ ہے،ہماری پالیسیوں کی بدولت تعلیمی شعبہ میں انقلاب برپا ہوا ہے ۔

اس طرح والدین کوبھی یہ احساس ہواہے کہ غربت کے چنگل سے نکلنے کا واحد راستہ تعلیم ہے جس کے لئے انہیں اپنے بچوں کو سکول بھیجنا ہوگا ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے صوبہ کے دور درازاور پسماندہ علاقوں میں پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے ذریعے تعلیمی انفراسٹرکچر قائم کرنے میں مددملی ہے ۔اس طرح گرلزایجوکیشن کوبھی فروغ ملاہے ۔

یہ فاؤنڈیشن وسائل سے محروم بچوں کو تعلیم دے کر انکی زندگی بدل رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں میں توسیع سے مزید مستحق طالب علموں کی تعلیمی معاونت کی راہ ہموار ہوگی ۔اس طرح 100 فیصد شرح خواندگی کے حصول میں مدد ملے گی ۔ قبل ازیں چیئرمین پیف قمر السلام راجہ اور ایم ڈی طارق محمود نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی کاوشوں سے اجلاس کو آگاہ کیا۔