ٹیچنگ ہسپتالوں اور میڈیکل و نرسز ہوسٹلز کی سکیورٹی کے سلسلے میں 2الگ الگ کمیٹیاں تشکیل

سکیورٹی خدشات کا پوری جرات ،بہادری کیساتھ سامنا کرنا ،تعلیمی اداروں ،ہسپتالوں کی حدود میں سکیورٹی کیلئے سخت سرویلنس اور کڑی نگا ہ رکھنا ہوگی‘دہشت گردی کے واقعات پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے‘ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی صدارت میڈیکل کالجز کے پرنسپلز کا اجلاس ، تمام میڈیکل کالجوں کے لئے سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کرنے کی ہدایت

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام سرکاری میڈیکل کالجزمیں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں جاری کئے گئے معیاری طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمدکیا جائے۔ انہوں نے یہ بات یہاں سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں میڈیکل کالجز، ٹیچنگ ہسپتالوں اور سپیشلائز ڈ ہیلتھ کے اداروں میں سکیورٹی کے انتظامات کی چیک لسٹ کے مطابق جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمدشاہ ، وائس چانسلر ز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سمیت صوبے کے تمام میڈیکل کالجزکے پرنسپلزاور ٹیچنگ ہسپتالوں و سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت کے متعلقہ سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے ۔اجلاس میں میڈیکل کالجوں کی چار دیواری 8فٹ کرنے، دیواروں پر خاردار تارلگانے ،سکیورٹی کیمروں کی تنصیب ِ، کنٹرول روم کا قیام ، سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی اور دیگر امورکا جائزہ لیاگیا ۔

سیکرٹری ہیلتھ نجم احمدشاہ نے کہاکہ میڈیکل کالجزمیں سکیورٹی کے انتظامات پر سمجھونہ نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے ہدایت کی جن سرکاری کالجزکی چار دیواری چھوٹی یا نا مکمل ہے اسے فوری طو رپر مقررہ معیار کے مطابق بلندکیاجائے اور خار دار تارلگائی جائے ۔نجم شاہ نے ہدایت کی کہ سیکورٹی گارڈز 47 سال سے زیادہ عمرکے ہر گزبھرتی نہ کئے جائیں او رسکیورٹی گارڈزکی خدمات لینے کے لئے معروف او راچھی شہرت کی حامل سکیورٹی کمپنیوں سے رابطہ کیا جائے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی گارڈزکے پاس اسلحہ چالو حالت میں ہو اور سکیورٹی کے معاملات کی کمانڈ کرنے کے لئے پاک فوج کے ریٹائرڈ کم ازکم میجر یا کرنل عہدہ کے افسران کی خدمات حاصل کی جائیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ ہر میڈیکل کالج میں سکیورٹی کنٹرول روم قائم کیا جائے ۔میڈیکل کالجز اور ہسپتال اپنی ضرورت کے مطابق واک تھرو گیٹ او رمیٹل ڈیٹیکٹر ز خریدیں ۔

سیکرٹری ہیلتھ نے ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ او رمتعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابط میں رہا جائے۔نجم احمد شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر ضلع کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہے جو حفاظتی انتظامات کا معائنہ کرنے کے لئے اداروں کا دورہ کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ضروری فنڈز فراہم کرے گی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ دہشت گردی کے واقعات پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے -انہوں نے کہاکہ سکیورٹی خدشات کا پوری جرات او ربہادری کیساتھ سامنا کرنا اور تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی حدود میں سکیورٹی کیلئے سخت سرویلنس اور کڑی نگا ہ رکھنا ہوگی۔انہوں نے اس بات پر زور دیاکہ کالجز کے اساتذہ طلبا وطالبات میں پاکستان کے Narative کو پروموٹ کریں اور سلام کا صحیح تشخص پیش کریں ، برداشت اور رواداری کے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں ۔اجلاس میں ٹیچنگ ہسپتالوں اور میڈیکل و نرسز ہوسٹلز کی سکیورٹی کے سلسلے میں 2الگ الگ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں جو منگل تک اپنی رپورٹ پیش کر دیں گی۔

متعلقہ عنوان :